Wednesday , December 12 2018

عازمین حج کے پاسپورٹس کیلئے پولیس انکوائری جلد مکمل کرنے کی خواہش

سنٹرل حج کمیٹی سے تمام ریاستوں کے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو مکتوبات
حیدرآباد۔ 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے تمام ریاستوں کے ڈائرکٹرس جنرل پولیس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے عازمین حج کے پاسپورٹس کے معاملات میں پولیس انکوائری کی جلد تکمیل کی خواہش کی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنٹرل جج کمیٹی ڈاکٹر مقصود احمد خان نے یہ مکتوب روانہ کیا جس میں بتایاگیا کہ عازمین حج کے لیے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 22 ڈسمبر مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مدت کے دوران ایسے درخواست گزار جن کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے یا جن کے پاسپورٹ کی میعاد مکمل ہوچکی ہے انہیں نئے پاسپورٹ کے لیے پولیس انکوائری کی ضرورت پڑتی ہے۔ ڈائرکٹرس جنرل پولیس سے خواہش کی گئی کہ پولیس انکوائری کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ درخواست گزاروں کو پاسپورٹ کے حصول میں دشواری نہ ہو۔ واضح رہے کہ مرکزی وزارت اقلیتی امور نے ملک کے تمام ریجنل پاسپورٹ آفیسرس کو عازمین حج کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی ہے۔ حیدرآباد کے ریجنل پاسپورٹ آفس میں حج درخواست گزاروں کے پاسپورٹس کے سلسلہ میں خصوصی کائونٹر قائم کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ریجنل پاسپورٹ آفیسرس سے ملاقات کی تھی۔ درخواست گزار راست طور پر یا حج کمیٹی کے ذریعہ اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی کو ابھی تک جملہ 12,386 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 70 سال یا اس سے زائد کے محفوظ زمرے کے تحت 329 درخواستیں شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT