Wednesday , October 17 2018
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی کو یقینی بنانے پر زور

عازمین حج کے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی کو یقینی بنانے پر زور

وزارت خارجہ و چیف پاسپورٹ آفیسر ارون کمار چٹرجی کی ہدایت
حیدرآباد۔ 24نومبر (سیاست نیوز) حج 2018ء میں ادائیگی کے خواہشمند افراد کی سہولت کے لیے وزارت خارجہ نے تمام ریاستوں کے پاسپورٹ دفاتر کو ہدایت دی ہے کہ خواہشمند عازمین حج کے لیے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی کو یقینی بنائیں اور اس طرح کی درخواستوں کی ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی کی جائے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جوائنٹ سکریٹری وزارت خارجہ و چیف پاسپورٹ آفیسر ارون کمار چٹرجی نے تمام ریاستوں کے پاسپورٹ دفاتر کو اس سلسلہ میں سرکولر جاری کیا ہے۔ انہوں نے ہر پاسپورٹ آفیس میں عازمین حج کے پاسپورٹس کی اجرائی کے لیے نوڈل آفیسر کے تقرر اور خصوصی کائونٹر کے قیام کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ عازمین کے اپوائنـٹمنٹ کے وقت کو محفوظ رکھا جائے تاکہ وہ بروقت درخواست داخل کرسکیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ وزارت خارجہ کے اس اقدام سے ایسے عازمین کو سہولت ہوگی جن کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے یا پھر موجودہ پاسپورٹ کی مدت ختم ہورہی ہے۔ نئے پاسپورٹ کے حصول کے لیے عوام کو جن شرائط کی تکمیل کرنی پڑتی ہے عازمین کو بھی ان سے گزرنا ہوگا تاہم ان کی درخواستوں کی یکسوئی جلد کردی جائے گی۔ ہر سال لمحہ آخر میں کئی عازمین حج پاسپورٹ کے لیے حج کمیٹی سے رجوع ہوتے ہیں اور تلنگانہ حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے ملاقات کرتے ہوئے پاسپورٹس کی اجرائی کو یقینی بنایا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کے لیے درخواست فارم کی اجرائی اور قبولیت کا کام جاری ہے۔ درخواست فارم 7 ڈسمبر تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ اس مرتبہ درخواست فارم صرف ایک صفحہ پر مشتمل ہے اور ایک کور میں 4 افراد اور 2 شیرخوار بچوں کے نام شامل کرنے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حضرات حج کا عزم رکھتے ہوں ان کے پاس پاسپورٹ نہ ہوں تو انہیں فوری طور پر پاسپورٹ کی درخواست داخل کرنی چاہئے۔ اگر پاسپورٹ موجود ہو تو اس کی مدت 24 فبروری 2019ء تک ہونی چاہئے۔ انہوں نے کم مدت والے پاسپورٹس کے حامل عازمین سے خواہش کی کہ وہ فوری تجدید کروالیں۔ محفوظ زمرے کے تحت درخواست داخل کرتے وقت اورجینل پاسپورٹ داخل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کی ہدایت کے بعد پاسپورٹ کے حصول میں آسانی ہوجائے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حج درخواستیں آن لائین داخل کی جاسکتی ہیں۔ خواہش مند افراد حج ہائوز یا ڈسٹرکٹ حج کمیٹیوں سے رہنمائی کے لیے رجوع ہوسکتے ہیں یا پھر گھر بیٹھے آن لائین درخواست داخل کی جاسکتی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج ہائوز نامپلی میں خصوصی کائونٹرس قائم کیے گئے ہیں اس کے علاوہ اضلاع میں حج سوسائٹیاں رضاکارانہ خدمات انجام دے رہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT