Thursday , January 18 2018
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج 13 جولائی تک دوسری قسط ادا کردیں

عازمین حج 13 جولائی تک دوسری قسط ادا کردیں

عدم ادائیگی پر نام منسوخ ہونے کا اندیشہ پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب

عدم ادائیگی پر نام منسوخ ہونے کا اندیشہ پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد 21 جون (پریس نوٹ ) پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے عازمین حج سے کہا ہے کہ وہ 13 جولائی سے قبل مصارف حج کی دوسری قسط ادا کردیں بصورت دیگر 14 جولائی کو ان کا نام منسوخ ہوجائے گا اور ویٹنگ لسٹ کو اپ گریڈ کیا جائے گا ۔ آج جامع مسجد بی صاحبہ پنجہ گٹہ میں عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال حج مصارف میں 20 ہزار روپئے کا اضافہ ہوا ہے اسکے علاوہ دو سوٹ کیسوں کے 5100 روپئے بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عید کے فوری بعد ویکسی نیشن کیمپ ۔ شروع کیا جائے گا۔ یہ ویکسی نیشن کافی قیمتی ہوتے ہیں جو چینائی پہنچ چکے ہیں اور وہاں سے لگوائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سوٹ کیس کے ٹوکن کئی عازمین کو وصول ہوچکے ہیں اور بعض کو ملنا باقی ہے اور ہر ضلع میں دو تین مراکز سوٹ کیس کی تقسیم کیلئے قائم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے قربانی کے انتظامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے اشتراک سے قربانی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 7 ہزار سے زائد عازمین کی روانگی اور واپسی کے انتظامات کرنا بڑا مشکل اور توجہ طلب کام ہے ‘ حج کمیٹی محدود اسٹاف کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہے ۔ مفتی ابو بکر نے کہا کہ عازمین پورے معاملات صاف کر کے اور ہر ایک کے حقوق ادا کر کے حج کو جائیں ۔ انہوں نے زیارت روضہ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم تفصیل کے ساتھ بیان کئے ۔ اور کہا کہ اگر کسی کے حقوق اپنے ذمہ ہوں تو ان کو ادا کردیں ۔ ڈاکٹر فضل الدین نے فضائل و مناسک حج و عمرہ بیان کئے اور احرام کی شرائط پر روشنی ڈالی ۔ جناب محی الدین اور جناب عرفان شریف نے انتظامات کی نگرانی کی ۔

TOPPOPULARRECENT