Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / عاشور خانوں میں ایستادگی علم مبارک کا آغاز

عاشور خانوں میں ایستادگی علم مبارک کا آغاز


زائرین کی آمد و رفت ، حکومت سے روشنی کے انتظامات ندارد
حیدرآباد۔22ستمبر(سیاست نیوز) ماہ محرم الحرام کا چاند نظر آتے ہی دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے عاشور خانوں میں علم کی ایستادگی کے ساتھ ایام عزاء کا آغاز ہوچکا ہے اور شہر کے کئی مقامات پر مجالس عزاء منعقد ہونی شروع ہو گئی ہیں۔پرانے شہر کے علاقوں پرانی حویلی‘ چھتہ بازار ‘ دیوان دیوڑھی‘ مدینہ بلڈنگ‘ دبیر پورہ اور یاقوت پورہ میں موجود عاشور خانوں میں علم ایستادہ کئے جا چکے ہیں اور زائرین کی آمد و رفت کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔عاشور خانوں کے قریب حکومت کی جانب سے خصوصی روشنیوں اور صفائی کے انتظامات کے اعلانات کئے گئے ہیں لیکن تاریخی بادشاہی عاشور خانہ کے قریب محرم الحرام کا چاند نظر آجانے کے باوجود تاریکی چھائی رہی اور کوئی صفائی کے انتظامات نہیں دیکھے گئے اسی طرح عاشور خانہ حسینی علم کے قریب بھی کوئی خصوصی روشنی کے انتظامات نہ کئے جانے کے سبب عوام میں شدید برہمی دیکھی گئی ۔دیوان دیوڑھی‘ چھتہ بازار‘ میر عالم منڈی‘ دبیر پورہ ‘ یاقوت پورہ کے علاوہ دیگر علاقو ںمیں جہاں ایام عزاء کے دوران زائرین پہنچ کر شہدائے کربلا کو خراج پیش کرتے ہیں ان مقامات کے اطراف خصوصی انتظامات کی توقع کی جا رہی تھی لیکن ایسانہ کئے جانے کے سبب زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔گذشتہ برسوں کے دوران محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی ان مخصوص علاقوں میں جہاں عاشور خانوں اور عزاء خانوں کی بڑی تعداد ہے ان علاقو ںمیں سرکاری طور پر مختلف محکمہ جات کے تعاون سے خصوصی انتظامات کئے جاتے تھے لیکن اس مرتبہ انتظامات میں کی جانے والی کوتاہی تکلیف کا سبب بنی ہوئی ہے کئی مقامات پر جہاں سبیلیں یکم محرم سے ہی شروع کردی جاتی تھیں ان مقامات پر سبیلوں کے آغاز میں بھی تاخیر دیکھی گئی۔

TOPPOPULARRECENT