Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / عالمی انٹرپرینورشپ سمٹ میں خواتین کیلئے مہندی ڈیزائن

عالمی انٹرپرینورشپ سمٹ میں خواتین کیلئے مہندی ڈیزائن

امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کی جانب سے شہر کی تہذیب کو نمایاں طور پر پیش کیا جائے گا

محمد مبشر الدین خرم
حیدرآباد۔19نومبر۔مہندی ڈیزائن اور حنا کی رنگت خواتین کے حسن کو دوبالا کردیتی ہے ۔ خواتین گھریلو ہوں یا صنعتکار ہوں یا پھر کسی کمپنی کے اعلی عہدہ پر فائز ہوں صنف نازک کی نزاکت باقی رہتی ہے ۔ شہر حیدرآباد میں 28تا30نومبر منعقد ہونے جارہے گلوبل آنٹرپیونرشپ سمٹ میں دنیا بھر سے شرکت کررہے صنعتکاروں و تاجرین میں 52 فیصد خواتین شرکت کر رہی ہیں اور امریکی صنعتکاروں و تاجرین کی قیادت امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ کررہی ہیں ۔ GES-2017 کو خواتین کے موضوع پر منعقد ہو رہی ہے اوراس سہ روزہ سمٹ کے دوران منعقد ہونے والے علحدہ علحدہ سیشن میں بھی خواتین کی بڑی تعداد موجود ہے لیکن اس کے علاوہ اس سمٹ کی خصوصیت یہ ہے کہ اس سمٹ میں خاتون صنعت کاروں اور تاجرین کیلئے مہندی وحنا ڈیزائن کا انتظام کیا جا رہا ہے ۔ امریکی قونصل خانہ متعینہ حیدرآباد کی جانب سے سمٹ میں شریک ہونے والی خواتین کے لئے مہندی ڈیزائن کا انتظام کیا جانا ایک منفرد پیشرفت ہے کیونکہ اس سمٹ میں صرف ہندستانی یاعرب ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین شریک نہیں ہو رہی ہیں بلکہ اس میںشریک ہونے والی خواتین کی بڑی تعداد مغربی ممالک سے تعلق رکھتی ہے ۔شہر حیدرآباد میں مہندی ڈیزائن کا کلچر کافی مقبول ہے اور سمٹ کے دوران اس تہذیب کو بھی پیش کرنے کی کوشش کی جانا تہذیب کو نمایاں کرنے کے مترادف ہے۔ سہ روزہ سمٹ کے دوران مہندی ڈیزائن دلوانے کی خواہشمند خاتون صنعت کاروں و تاجرین کو مہندی ڈیزائن ڈلوایا جائے گا اور جو خاتون صنعت کار یا تاجر مہندی ڈیزائن نہیں ڈلوانا چاہتی ہیں انہیںصرف GES-2017کا لوگو مہندی کے ذریعہ ڈالا جائے گا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد میں منعقد ہورہے اس سہ روزہ سمٹ کے دوران مہندی ڈیزائن کی پیشکش اور شرکاء کو مختلف ڈیزائن ڈلوانے کی سہولت سے یہ واضح ہوتا ہے کہ خواتین خواہ وہ کسی بھی منصب پر فائز ہوں صنف نازک کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے ۔ شائد علامہ اقبالؔ نے اسی لئے کہا تھا کہ’’ وجودِ زن سے ہے تصویرکائنات میں رنگ‘‘۔ 28 نومبر کو شروع ہونے والے GES سمٹ کے دوران مہندی ڈیزائن میں مہارت رکھنے والی خواتین حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سنٹر (مادھاپور) میں شرکاء کیلئے مہندی کا اسٹال لگائے رہیں گی جو کہ امریکی قونصل خانہ متعینہ حیدرآباد کی جانب سے ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT