Wednesday , May 23 2018
Home / شہر کی خبریں / عالمی تلگو کانفرنس کے تناظر میں اداروں پر تلگو سائن بورڈس نصب کرنے کی ہدایت

عالمی تلگو کانفرنس کے تناظر میں اداروں پر تلگو سائن بورڈس نصب کرنے کی ہدایت

بلدی قوانین پر موثر عمل کیا جائے ، کمشنر بلدیہ کی زونل کمشنرس کو احکامات کی اجرائی
حیدرآباد۔14 ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر میں تلگو کانفرنس کی تیاریوں کے دوران کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے تمام زونل کمشنرس کو ہدایت دی کہ وہ شہر کے تمام سرکاری اداروں‘ خانگی اداروں کے علاوہ تجارتی مراکز پر تلگو زبان میں بورڈ آویزاں کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں کیونکہ قانون کے اعتبار سے سائن بورڈ پر علاقائی زبان تحریر ہونا ضروری ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی کے ان احکامات کے بعد تمام زونل کمشنرس کی جانب سے شہر میں موجود تمام تجارتی اداروں کے سائن بورڈز کا جائزہ لینے کی مہم شروع کردی گئی ہے ۔ لیبر قوانین کے مطابق شہر میں تجارتی سرگرمیاں انجام دینے والے اداروں پر لازمی ہے کہ وہ انگریزی‘ تلگو ‘ ہندی اور اردو میں سائن بورڈ رکھیں لیکن اس سلسلہ میں چند برسوں سے مہم بند کئے جانے کے سبب تجارتی اداروں کی جانب سے من مانی انداز میں سائن بورڈ تیار کئے جانے لگے ہیں جو کہ لیبر قوانین کے علاوہ بلدی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے لیکن اس کے باوجود کوئی کاروائی نہ کئے جانے کے سبب من مانی جاری تھی۔ ڈاکٹر بی جنار دھن ریڈی نے شہر میں شروع ہونے والی تلگو کانفرنس کے پیش نظر سائن بورڈ س پر تلگو زبان میں تحریر کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی لیکن اگر وہ بلدی قوانین پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے تو ریاست میں دوسری سرکاری زبان اردو کی بھی سائن بورڈ پر تحریر کو ممکن بنایاجاسکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔ منتخبہ عوامی نمائندوں کو چاہئے کہ وہ اس مسئلہ کو کمشنر بلدیہ سے رجوع کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہر میں ریاست کی زبان اول کے ساتھ دوسری سرکاری زبان کی تحریر کو بھی یقینی بنانے کے اقدامات کریں تاکہ شہر میں دونوں زبانوں کے ساتھ انصاف کو ممکن بنایاجاسکے۔شہر حیدرآباد میں اردو کے ساتھ ناانصافی کے سلسلہ میں فوری توجہ دہانی کروائی جاتی ہے تو ایسی صورت میں اردو کو اس کا مستحقہ مقام حاصل ہو سکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT