Monday , May 28 2018
Home / دنیا / عالمی سطح پر ترک وطن کرنے والوں کی تعداد 258ملین

عالمی سطح پر ترک وطن کرنے والوں کی تعداد 258ملین

اقوام متحدہ ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)دنیا بھر میں اپنے آبائی ملک کو ترک کر کے کسی دوسرے ملک میں رہنے والوں کی اس وقت تعداد تقریباً 258 ملین ہے ۔ یہ انکشاف ہجرت کے موضوع پر اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ میں کیا گیا ہے ۔ 2000 کے اعداد و شمار میں 49 فیصد اضافے کے ساتھ اپنا آبائی ملک ترک کر کے کسی دوسرے ملک میں رہائش اختیار کرنے والوں کی رواں سال یعنی 2017 میں تعداد تقریباً 258 ملین ہے ۔ یہ انکشاف اقوام متحدہ کے محکمہ برائے اقتصادی و سماجی امور کی جانب سے اسی ہفتے کے آغاز پر جاری کردہ ایک رپورٹ میں کیا گیا۔ البتہ یہ امر اہم ہے کہ ان اعداد و شمار میں بین الاقوامی ہجرت کرنے والوں کا تناسب 2000 میں 2.8 فیصد تھا، جو کہ اس سال 3.4 فیصد رہا۔ رپورٹ کے اجرا پر محکمے کے انڈر سیکرٹری جنرل لیو زین من نے کہا کہ ہجرت کے حوالہ سے غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے قابل بھروسہ ڈیٹا اور شواہد انتہائی اہم ہیں۔’اقوام متحدہ کی تمام 193 رکن ریاستوں نے گزشتہ برس ستمبر میں ایک سمجھوتے کو قطعی شکل دی تھی جس کے تحت تمام ملک اس بات کے پابند ہیں کہ بین الاقوامی ہجرت کو کوئی بھی ملک انفرادی سطح پر نہیں سنبھالے گا۔ رکن ریاستوں نے اس ضمن میں بہتر پالیسیوں پر عملدرآمد اور مہاجرین کا بوجھ بانٹنے پر بھی اتفاق کیا تھا۔ علاوہ ازیں مہاجرین و پناہ گزینوں کے انسانی حقوق کا خیال رکھے جانے اور ان کے خلاف رجحانات اور خوف کے عنصر کو کم کرنے کے لیے اقدامات کی حامی بھی بھری گئی تھی۔ نیو یارک میں ہونے والی اس پیش رفت میں یہ بھی طے کیا گیا تھا کہ معاہدہ پر عملدرآمد 2018میں شروع ہو جائے گا۔اقوام متحدہ کے محکمہ برائے اقتصادی اور سماجی امور کے انڈر سیکرٹری جنرل لیو زین من کے بقول یہ رپورٹ اس وقت اس لیے جاری کی گئی ہے تاکہ معاہدہ پر عملدرآمد کے آغاز سے قبل ارکان تازہ ترین اعداد و شمار سے آگاہ ہو سکیں۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکہ اسی ماہ یعنی دسمبر کے آغاز پر اس معاہدہ سے دستبردار ہونے کا اعلان کر چکا ہے ۔اقوام متحدہ کی پیر کو جاری کردہ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہاجرین کی مجموعی تعداد کا دو تہائی حصہ صرف بیس ممالک میں قیام پذیر ہے ۔ 49.8 ملین مہاجرین امریکہ میں مقیم ہیں، جو دنیا بھر میں موجود مہاجرین کے انیس فیصد کے برابر ہیں۔ علاوہ ازیں مہاجرین کی میزبانی میں سعودی عرب دوسرے ، جرمنی تیسرے ، روس چوتھے اور برطانیہ پانچویں نمبر پر ہے ۔

وینیزوئیلا میں دہشت گردوں کا فوجی ٹھکانوں سے ہتھیار وں کا سرقہ
کراکس ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ونیزوئیلا میں گزشتہ ہفتہ دہشت گردوں نے ایک فوجی ٹھکانے پر حملہ کرکے وہاں سے بڑی تعداد میں ہتھیار وں کا سرقہ کیا۔ اس واقعہ کی ذمہ داری ایک سابق پولیس افسر آسکر پیریز نے لی ہے جس پر جون کے مہینے میں سرکاری عمارتوں اور دفاتر میں گولہ باری اور دستی بم پھینکنے کا الزام ہے ۔ ا س نے ہتھیار چرانے کے اس مشن کو آپریشن جنیسس کا نام دیا ہے ۔پیریز نے ایک ویڈیو میں کہا کہ تم سارے لوگ بھکمری کا شکار ہو ، ہتھیار ہونے کے باوجود کچھ بھی نہیں کرپائے ہو۔ آخر کیا وجہ ہے کہ تم لوگ ڈرگ مافیا کو بچا رہے ہو۔

TOPPOPULARRECENT