Friday , June 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / عالمی چمپئن جرمنی کو پولینڈ کے خلاف حیران کن شکست

عالمی چمپئن جرمنی کو پولینڈ کے خلاف حیران کن شکست

وارسا۔ 13؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ یورو 2016ء کے کوالیفائنگ مرحلے میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے ایک مقابلہ میں پولینڈ نے جرمنی کو 2-0 سے شکست دیتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ عالمی چمپئن کو زخمی کھلاڑیوں میسوت اوزل، باستین شوانستائیگر اور سمیع قدیرا کی خدمات حاصل نہ تھیں۔ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم کے لئے سباستیان مِلا اور ایرکادیوش میلک نے فی کس ایک گول اسکور کیا۔ فٹبال کی تاریخ میں پولینڈ کی جرمنی کے خلاف یہ پہلی کامیابی ہے۔ اس مقابلہ سے قبل پولینڈ کی ٹیم موجودہ جرمن ٹیم یا مغربی اور مشرقی جرمنی کے الحاق سے قبل دو مختلف جرمن ٹیموں کے خلاف اپنے 18 مقابلوں میں سے 12 مقابلے ہار چکی ہے۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ پولش ٹیم کے کھلاڑی اپنے آخری 6 بین الاقوامی میچوں میں صرف ایک مرتبہ ہی گول کرپائے تھے۔ اس کوالیفائنگ میچ میں کامیابی کے بعد پولینڈ 6 نشانات کے ساتھ گروپ ڈی میں اب پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ پولینڈ کی ٹیم یورپی چمپئن شپ 2016ء کے کوالیفائنگ مرحلے میں اپنے آخری 7 مقابلوں میں ناقابل شکست ثابت ہوئی ہے جب کہ جرمن ٹیم نے یورو کوالیفائنگ راؤنڈ میں اس سے قبل مسلسل 33 میچز میں کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ سلسلہ 2007ء سے جاری تھا۔ جرمنی کو آخری مرتبہ 2007ء میں چیک جمہوریہ نے 0-3 سے شکست دی تھی۔ جرمنی کو آخری مرتبہ بیرون ملک یورو کوالیفائنگ راؤنڈ میں پرتگال کے خلاف اسی فرق سے 2000ء میں شکست ہوئی تھی۔ برازیل میں جاریہ سال جولائی میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد سے جرمن ٹیم کے لئے سفر آسان نہیں رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT