Tuesday , December 12 2017
Home / کھیل کی خبریں / عالمی ڈوپنگ ایجنسی کے عہدیداروں کو روس میں دھمکیاں

عالمی ڈوپنگ ایجنسی کے عہدیداروں کو روس میں دھمکیاں

لاس اینجلس ، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) کھیلوں میں ممنوعہ ادویات کے انسداد کے عالمی ادارہ (ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی) نے کہا ہے کہ روس میں اینٹی ڈوپنگ کے اہلکاروں کو اتھلیٹس کے نمونے لینے سے روکا جا رہا ہے اور سکیورٹی ایجنسی کے عہدیداروں کو دھمکیاں دے رہی ہے۔ یہ رپورٹ ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب چند روز بعد اتھلیٹکس گورننگ باڈی روس کو اولمپکس مقابلوں میں شمولیت کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔ گزشتہ سال نومبر میں اتھلیٹکس کی عالمی تنظیم آئی اے اے ایف نے کھیلوں میں ممنوعہ ادویات کے استعمال سے متعلق رپورٹ سامنے آنے کے بعد روس کی اتھلیٹکس فیڈریشن پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اتھلیٹکس کی عالمی تنظیم آئی اے اے ایف نے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا، جس کے مطابق روس میں ’حکومت ڈوپنگ میں ملوث تھی۔‘ روس کی اتھلیٹکس اسوسی ایشن نے اپنے معاملات بہتر کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ نومبر کے بعد سے اب تک چھ ماہ کے عرصے میں اینٹی ڈوپنگ کے حکام کو روس کے قانون نافذ کرنے والے ادارے ڈرا دھمکا رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ادویات کے ٹسٹ کیلئے کئے گئے نمونوں کو تبدیل کیا گیا ہے۔ 23 صفحات پر مبنی رپورٹ کے مطابق فروری سے مئی کے دوران 736 افراد کے ٹسٹ کیلئے کی گئی درخواست کو مسترد یا معطل کر دیا گیا۔ ٹسٹ نہ کروانے کی مختلف وجوہات بیان کی گئی جیسے اتھلیٹ کی مکمل معلومات فراہم نہ کرنا، خون کا نمونہ نہ دینا وغیرہ۔ رپورٹ کے مطابق ڈوپنگ کنٹرول کرنے والے اہلکار جب عسکری تنصیبات والے علاقے میں گئے تو مسلح حکومتی ایجنٹوں نے انھیں دھمکیاں دیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس میں اتھلیٹس کو اکثر فوجی چھاؤنی والے شہروں رہائش دی جاتی ہے تاکہ مشکل رسائی کی وجہ سے ڈرگ ٹسٹ کروانے والے عہدیدار وہاں نہ جا سکیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک خاتون اتھلیٹ سے جن سے قارورہ  کا نمونہ مانگا گیا تو انھوں نے اپنے کپڑوں میں پہلے سے ایک بوتل چھپا رکھی تھی،جو وہ اپنے ٹسٹ کیلئے دینا چاہتی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آئی اے اے ایف کے کونسل اراکین نے روس پر پابندی لگائے جانے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT