Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / عامر کو یو کے ویزا عنقریب مل جائیگا : پی سی بی

عامر کو یو کے ویزا عنقریب مل جائیگا : پی سی بی

برطانوی محکمہ داخلہ کا سزایافتہ کرکٹر کے حق میں فیصلہ ، ذرائع کا بیان ۔ عامر چھ سال دوبارہ لارڈز پر ایکشن میں ہونگے
اسلام آباد ؍ لاہور ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے لیفٹ آرم پیسر محمد عامر کو آج کل میں اُن کا یو کے ویزا حاصل ہوجائے گا تاکہ آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیل سکیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذریعہ نے گزشتہ روز نیوز ایجنسی ’اے پی پی‘ کو بتایا کہ عامر پاکستانی ٹیم کے ہمراہ ہی برطانیہ کا سفر کریں گے کیونکہ انھیں اپنا ویزا جمعرات تک مل جانے کا امکان ہے۔ اس طرح پاکستان کے دورۂ انگلینڈ کے حوالے سے فاسٹ بالر عامر پر لٹکی ’ویزا رکاوٹ‘ کی تلوار ہٹ جانے کی امید اب یقین میں تبدیل ہونے لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق برطانیہ کے محکمہ داخلہ نے سزا یافتہ کرکٹر کو ویزا جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ چنانچہ قوی امکان ہے کہ عامر کو ایک دو یوم میں ویزا مل جائے گا جس کے بعد وہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہی انگلینڈ روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ عامر کی 17 رکنی ٹسٹ اسکواڈ میں سلیکشن اور نمائندگی برطانوی ویزا سے مشروط تھی۔ ویزا کی اجازت ملنے کے بعد لیفٹ آرم فاسٹ بولر کے تقریباً چھ سال بعد لارڈز کے میدان اور ٹسٹ کرکٹ میں دوبارہ ایکشن میں ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

پی سی بی نے دیگر کھلاڑیوں کے دستاویزات یو کے ہائی کمیشن اسلام آباد کو بھیجتے ہوئے عامر کیلئے علحدہ کیس تیار کیا تھا۔ پی سی بی سربراہ شہریار خان نے یو کے ہائی کمشنر کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے عامر کے ویزا کے بارے میں خصوصی اور ہمدردانہ رویہ اختیار کرنے کی گزارش کی تھی۔ ذریعہ نے مزید کہا کہ پاکستانی بورڈ اس معاملے میں ابتدا سے ہی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ساتھ بھی ربط میں تھا، جس کا ردعمل مثبت اور تعاون والا رہا ہے۔پی سی بی نے قانونی مشاورتوں کے بعد ہی عامر کیلئے ویزا کی درخواست داخل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ عامر کو 2010ء کے اسپاٹ فکسنگ کیس میں فنی بنیادوں پر یو کے سے ملک بدر کیا گیا تھا، جیسا کہ دو دیگر خاطی کھلاڑیوں اُس وقت کے پاکستانی کیپٹن سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد آصف کے ساتھ عمل ہوا تھا۔

TOPPOPULARRECENT