Tuesday , December 12 2017
Home / کھیل کی خبریں / عامر کیلئے دنیا کا بہترین بولر بننا ہنوز ممکن : مصباح

عامر کیلئے دنیا کا بہترین بولر بننا ہنوز ممکن : مصباح

ساؤتھمپٹن ، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ٹسٹ کرکٹ کیپٹن مصباح الحق کے مطابق محمد عامر اب بھی دنیا کے بہترین بولر بن سکتے ہیں۔ بائیں ہاتھ سے گیند بازی کرنے والے عامر نے 2010ء میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز کے میدان پر اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں پانچ سال کی پابندی کا سامنا کیا ہے۔ چھ برس قبل کی پابندی کے بعد سے عامر نے کسی ٹسٹ میچ میں حصہ نہیں لیا لیکن وہ جولائی میں انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کیلئے دستیاب ہیں۔ مصباح نے کہا: ’’جس طرح وہ بولنگ کر رہے ہیں اسی وجہ سے وہ ٹیم میں ہیں۔ آپ اُن کی بولنگ کی رفتار، سوئنگ، کنٹرول کو دیکھیں، سب کچھ ہے۔ وہ اب بھی دنیا کے بہترین بولر بن سکتے ہیں۔‘‘ مصباح نے کہا کہ واپسی کے بعد سے انھوں نے جس قسم کی بھی کرکٹ کھیلی ہے وہاں انھوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ’’اُسے پتہ ہے کہ وہ دباؤ میں ہے لیکن وہ اسے اچھی طرح سے نمٹ رہا ہے۔‘‘ محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے بعد پاکستانی ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور ہندوستان کے دورے کر چکے ہیں۔ تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ وہ انگلینڈ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ عامر کو 2010ء میں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 18.36 کی اوسط سے 19 وکٹیں لینے پر ’’پلیئر آف دی سیریز‘‘ قرار دیا گیا تھا۔ پاکستان ۔ انگلینڈ پہلا ٹسٹ لارڈز میں 14 جولائی کو شروع ہو رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT