Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / عامر کی شمولیت پر اظہر علی کا استعفیٰ پی سی بی نے مسترد کردیا

عامر کی شمولیت پر اظہر علی کا استعفیٰ پی سی بی نے مسترد کردیا

کراچی ۔29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ونڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے محمد عامر کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان کے ساتھ ملاقات میں اپنا استعفیٰ پیش کردیا جسے چیئرمین پی سی بی نے مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اظہر علی نے شہریارخان سے لاہور میں ملاقات کی اور عامر کے تنازعہ پر اپنا استعفیٰ پیش کیا تاہم چیئرمین پی سی بی نے استعفیٰ نامنظور کرتے ہوئے انھیں اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کی ہدایت دی۔ اظہر علی اور تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ نے گزشتہ ہفتے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کی موجودگی میں  ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شرکت سے انکار کیا تھا تاہم شہریارخان سے ملاقات کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے معاملات حل ہونے کی خبر دی تھی اور کیمپ میں شرکت بھی کی تھی۔ باوثوق ذرائع کے بموجب عامر کا معاملہ آسانی سے پی سی بی کا پیچھا نہیں چھوڑے گا جبکہ اظہر علی، محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت پر کپتانی سے مستعفی ہونا چاہتے تھے لیکن شہر یار خان نے انھیں ذمہ داری جاری رکھنے کی ہدایت دی۔دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی سی بی اور سلیکشن کمیٹی کو عامر کی پاکستان ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شمولیت پر نوٹس جاری کردیا، اگلی سماعت 31 دسمبر کو ہو گی۔ ایک طرف چند کھلاڑی عامر کی ٹیم میں شمولیت کے مخالف ہیں تو دوسری جانب دورہ نیوزی لینڈ کیلئے فاسٹ بولر کے ویزا مسائل نے بھی بورڈ کو پریشان کیا ہوا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ یاسر شاہ کی مثبت ڈوپ ٹسٹ پر معطلی کے بعد ٹیم ترتیب دینے کے حوالے سے دباؤ کا شکار ہے جو پہلے ہی ٹوئنٹی20 کے لئے بہترین ٹیم کی تشکیل کے سلسلے میں جدوجہد کر رہی ہے۔ پاکستان ٹیم اگلے ماہ نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی جہاں وہ 3 ونڈے اور 3 ٹوئنٹی20 مقابلے کھیلے گی جن کا آغاز 15 جنوری 2016 کو ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT