Monday , September 24 2018
Home / سیاسیات / عام آدمی پارٹی میں بغاوت

عام آدمی پارٹی میں بغاوت

کجریوال پر شانتی بھوشن کی تنقید، استعفیٰ کیلئے زور

کجریوال پر شانتی بھوشن کی تنقید، استعفیٰ کیلئے زور
نئی دہلی۔ 13 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی میں آج بغاوت پیدا ہوگئی۔ پارٹی کے اعلیٰ ترین بانی قائدین میں سے ایک لیڈر شانتی بھوشن نے پارٹی سربراہ اروند کجریوال پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کی تنظیمی قابلیت اور صلاحیتوں پر انگلی اٹھائی۔ انہوں نے اروند کجریوال کو ایک طرح سے نااہل قرار دیتے ہوئے استعفیٰ کیلئے زور دیا۔ 88 سالہ شانتی بھوشن جو پارٹی کے بانی اور ممتاز وکیل ہیں، کا بیان اس وقت آیا جب انہوں نے پارٹی کی کارکردگی پر اپنی برہمی ظاہر کی اور بعض قائدین کی جانب سے یہ شکایت کی گئی کہ پارٹی کے اندر جمہوریت کا فقدان ہے۔ ایسے وقت میں جب دہلی کے اندر اسمبلی انتخابات کیلئے تیاریاں ہورہی ہیں، عام آدمی پارٹی پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ سابق مرکزی وزیر قانون بھوشن نے کہا کہ اروند کجریوال ایک عظیم لیڈر اور بہترین مہم چلانے والے قائد ہیں لیکن ان میں تنظیمی صلاحیتیں نہیں ہیں۔ وہ سیاسی مسابقت کا ہنر نہیں رکھتے اور ان میں یہ خوبی بھی نہیں ہیکہ سارے ہندوستان میں پارٹی کا کیا بیان دیا جانا چاہئے۔ لہٰذا ان کی نااہلیت کے باعث دو سال یونہی گذر گئے اور ایک مضبوط پارٹی کا ڈھانچہ اچانک بوسیدہ اور معذور ہوگیا۔ کسی وجہ سے آج پارٹی کے اندر مخالفت کی مختلف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ کجریوال پر شانتی بھوشن کی برہمی کے متعلق پارٹی کے دیگر قائدین یوگیندر یادو اور اشوتوش نے اہمیت نہ دینے کی خواہش کی جبکہ شاذیہ علمی اور دیگر بانی لیڈر نے کجریوال پر تنقیدیں کی ہیں۔ تاہم عام آدمی پارٹی کا کہنا ہیکہ وہ شانتی بھوشن کے تبصروں سے اتفاق نہیں کرتی۔

TOPPOPULARRECENT