Saturday , December 15 2018

عام آدمی پارٹی کی کامیابی عوام کی سیاسی بصیرت کا مظہر

دولت ، طاقت اور تشہیر کے بغیر بھی عام آدمی جیت سکتا ہے

دولت ، طاقت اور تشہیر کے بغیر بھی عام آدمی جیت سکتا ہے
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : دہلی میں اروند کجریوال کی زیر قیادت عام آدمی پارٹی کی دہلی اسمبلی انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی عوام کی سیاسی بصیرت کا نتیجہ ہے اور عام آدمی پارٹی نے دہلی کے عام انتخابات میں اپنی شاندار کامیابی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ثابت کردیاکہ کوئی بھی سیاسی قائد یا عام آدمی انتخابات میں غیر ضروری سرمایہ اور روپیہ پیسہ صرف کیے بغیر بھی انتخاب لڑ کر کامیابی سے ہمکنار ہوسکتاہے ۔ یہ بات آج یہاں کنوینر عام آدمی پارٹی تلنگانہ اسٹیٹ مسٹر وینکٹ ریڈی ، رکن عام آدمی پارٹی تلنگانہ اسٹیٹ پروفیسر ویشویشور راؤ نے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو 90 فیصد سے زائد نشستوں کا حصول جو ایک انقلاب سے بھی کم نہیں ہے اور کہا کہ عنقریب ہندوستان بھر کے عوام دہلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے انتخابی نتائج کی تاریخ کو سارے ملک میں دہرائیں گے تاکہ نہ صرف دہلی بلکہ سارے ملک کے عوام کو درپیش مسائل کا حل اور بدعنوانیوں اور رشوت سے پاک حکومتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 60 سال سے مرکز و ریاستوں میں برسر اقتدار دو بڑی جماعتیں ملک کے عوام کا مسلسل استحصال کرتے ہوئے انتخابات کے موقع پر عوام کو صرف ووٹر کی حیثیت سے شناخت کیا ہے جب کہ ملک کے عوام کودرپیش مسائل کو پس پشت ڈال دیا ہے جس کے نتیجہ میں دہلی کے عوام نے مخالف عوام اور مخالف کسان سیاسی جماعتوں کے خلاف اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کو اقتدار سونپا ہے ۔ انہوں نے مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ملک میں فرقہ پرستی کی سیاست پر عمل پیرا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں ملک میں سیاسی عدم استحکام اور قانون نظم و ضبط کی برقراری میں دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عام انتخابات کے دوران مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت نے عام آدمی پارٹی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے اپنی ساری توانائیاں صرف کرتے ہوئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا تھا لیکن دہلی کے عوام نے انتہائی دانش مندی اور سیاسی شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے حق میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کیا ہے جو قابل مبارکباد ہے ۔ آخر میں انہوں نے دہلی عوام سے جنہوں نے ان کے حق میں اپنا ووٹ دیا ہے انہیں دلی مبارکباد دیا ۔ اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے ریاستی قائدین مسرز محمد عرفان ، عابد علی خاں ، محترمہ نسیم بیگم ، محترمہ اسماء شہناز ، حیدر عباس کے علاوہ دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر دفتر عام آدمی پارٹی میں شیرینی تقسیم کی گئی اور کارکنوں کی جانب سے جشن منایا گیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT