Friday , May 25 2018
Home / سیاسیات / عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی راجیش رشی سے پولس کی پوچھ گچھ

عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی راجیش رشی سے پولس کی پوچھ گچھ

نئی دہلی، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے معاملے میں دہلی پولس نے عام آدمی پارٹی (عاپ) کے ممبر اسمبلی راجیش رشی سے تقریبا دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ۔ پولس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ چیف سکریٹری کے ساتھ گزشتہ ماہ ہونے والی مبینہ بدسلوکی کے معاملے میں عاپ کے دو ممبران اسمبلی نتن تیاگی اور راجیش رشی کو کل پوچھ گچھ کے لئے سول لائنس تھانے میں بلایا گیا تھا۔ تاہم، تیاگی نے پیش ہونے سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہلی میں نہیں ہیں اور پوچھ گچھ کے واسطے پیش ہونے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا راجیش رشی سے کل شام تقریبا دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی ہے ۔ اس معاملے میں مسٹر تیاگی اور رشی کا کردار تفتیش کے دائرے میں ہے کیونکہ 19 فروری کی رات جب یہ واقعہ ہوا اس وقت یہ دونوں رکن اسمبلی بھی وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر میٹنگ میں موجود تھے ۔ واضح رہے کہ کجریوال، ان کے مشیر وی کے جین اور نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے علاوہ 11 ممبران اسمبلی اس رات وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر میٹنگ میں موجود تھے ۔ اس معاملے میں عاپ کے دو رکن اسمبلی امانت اللہ خان اور پرکاش جروال کو گرفتار کیا گیا ہے اور جین سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT