عام انتخابات میں بی جے پی کو 215 سے کم سیٹیں ملیں گی:کجریوال

نئی دہلی5فروری (سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دعوی کیا ہے کہ اگلے سال ہونے والے عام انتخابات میں بی جے پی کو 215 سے کم سیٹیں ملیں گی۔کیجریوال نے ٹویٹ کرکے کہا کہ میں پچھلے کچھ دنوں میں بہت لوگوں سے ملا ہوں اور ان سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ بات چیت میں لوگوں کا متفقہ طور پرخیال ہے کہ بی جے پی کو 215 سے کم سیٹیں مل رہی ہیں ۔ لوگوں کی سب سے بڑی پریشانی بے روزگاری ہے ۔ نوجوان اپنے مستقبل کے بارے میں بہت فکر مند ہیں۔غور طلب ہے کہ 2014 کے عام انتخابات میں نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی نے لوک سبھا میں کل 282 سیٹوں پر جیت حاصل کی تھی اور یہ بھاری اکثر یت کسی بھی واحد پارٹی کو 30 سال کے بعد حاصل ہوئی تھی۔2014 کے عام انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف الیکشن لڑنے والے کجریوال کا کہنا ہے کہ متوسط طبقہ کے لوگ بی جے پی سے اکتا گئے ہیں ۔ واضح ہوکہ پچھلے عام انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے کل 440 امیدوار کھڑے کئے تھے جس میں سے 400 سے زیادہ امیدواروں کی ضمانت ضبط ہوگئی تھی۔ جبکہ پارٹی کے 4 ایم پی پنجاب سے جیتنے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT