Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / عام مقامات پر رفع حاجت کے خلاف خصوصی مہم

عام مقامات پر رفع حاجت کے خلاف خصوصی مہم

گھروں میں بیت الخلاؤں کی عدم تعمیرپر برقی، راشن اور اسکیمات سے محرومی
حیدرآباد ۔ 26 اگست (سیاست نیوز) عام مقامات پر رفع حاجت کے خلاف خصوصی مہم شروع کرنے والی تلنگانہ حکومت نے 2 اکٹوبر تک گھروں میں بیت الخلائیں تعمیر نہ کرنے والوں کے برقی کنکشن اور راشن کے ساتھ حکومت کے تمام فلاحی اسکیمات سے محروم کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت سوچھ تلنگانہ پر بڑی سرگرمی سے عمل کررہی ہیں۔ مکانات میں شخصی بیت الخلاؤں کی تعمیر کیلئے 12 ہزار روپئے مالی امداد بھی دے رہی ہے۔ کئی سرکاری اور رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے بیت الخلاؤں کی تعمیرات کیلئے بڑے پیمانے پر شعور بیداری مہم بھی چلارہی ہے۔ تاہم دیہی علاقوں میں توقع کے مطابق حکومت کو مثبت نتائج نہیں مل رہے ہیں جبکہ حکومت نے گاندھی جی کی یوم پیدائش 2 اکٹوبر تک تلنگانہ کے ہر گھر میں بیت الخلاء تعمیر کرنے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ شہری علاقوں میں حکومت کی یہ مہم کامیاب ہے۔ دیہی علاقوں میں بھی اس کا اثر دیکھا جارہا ہے۔ مگر صدفیصد نتائج برآمد نہیں ہورہے ہیں۔ تمام پہلوؤں کا گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد حکومت نے 12 اکٹوبر تک گھروں میں بیت الخلائیں تعمیر نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہلت ختم ہوجانے کے بعد بیت الخلائیں تعمیر نہ کرنے والوں کے خلاف نہ صرف 500 روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا بلکہ گھر کا برقی کنکشن کاٹ دیا جائے گا۔ راشن شاپس کے راشن سے محروم کردیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی تمام فلاحی اسکیمات مثلاً وظیفے سے بھی محروم کردیا جائے گا۔ شادی مبارک، کلیان لکشمی اسکیم، حکومت کی جانب سے متعارف کئے جانے والے ایک ایکر اراضی کو 4 ہزار روپئے دینے کی اسکیم کیلئے بھی نااہل قرار دیا جائے گا۔ نل کا کنکشن کاٹتے ہوئے حکومت سے کسی بھی معاملے میں کوئی تعاون نہیں کیا جائے گا۔

 

TOPPOPULARRECENT