Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / عبدالستار ایدھی کو سپردِ لحد کر دیا گیا

عبدالستار ایدھی کو سپردِ لحد کر دیا گیا

کراچی ۔ 9جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) کراچی میں جمعے کی شب انتقال کر جانے والے فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی کو کراچی میں سپردِ لحد کر دیا گیا ہے، جہاں ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے ان کے جسدِ خاکی کو لحد میں اتارا۔فیصل ایدھی نے جمعہ کو بتایا تھا کہ عبدالستار ایدھی نے 25 سال قبل ایدھی ویلج میں اپنی قبر تیار کی تھی۔اس سے قبل عبدالستار ایدھی کی نمازِ جنازہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ادا کی گئی جس میں اعلیٰ شخصیات کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔عبدالستار ایدھی گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور طویل علالت کے بعد جمعے کی شب 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ان کی وفات پر ہفتہ کو ملک بھر میں سوگ منایا گیا اور انھیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔عبدالستار ایدھی کے جسد خاکی کو ہفتہ کی صبح سرد خانے سے میٹھا در میں واقع اُن کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا جہاں غسل کے بعد قومی پرچم میں لپٹی ان کی میّت توپ گاڑی پر رکھ کر نیشنل اسٹیڈیم لے جائی گئی۔نمازِ جنازہ کے بعد پاکستانی فوج کے دستے نے ایدھی کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ ان کی میت کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔نمازِ جنازہ میں صدرِ پاکستان ممنون حسین، مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ سیاسی قیادت اور سیاسی جماعتوں کے رہنما ؤں نے شرکت کی جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

عبدالستار ایدھی کی زندگی قابل تقلید ہے، ملیحہ لودھی
نیویارک۔ 9جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے عبدالستار ایدھی کی زندگی قابل تقلید ہے۔ پاکستان کے عظیم ترین انسان دوست کے انتقال پر قوم غم زدہ ہے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے عمر بھر انسانیت کی خدمت کی اور سادہ زندگی گزاری، ان کی زندگی قابل تقلید ہے۔ ادھر امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ ایدھی صاحب کے لیے بعد از مرگ نوبل انعام کی کوشش کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT