Friday , November 16 2018
Home / دنیا / عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے نئے چیف منسٹر منتخب

عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے نئے چیف منسٹر منتخب

اسلام آباد۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی اسمبلی کے ارکان نے عبد القدوس بزنجو کو صوبے کے نئے چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے منتخب کیا ہے۔اسپیکر راحلیہ درانی نے ووٹنگ کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کل 54 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 41 ووٹ حاصل کر کے عبد القدوس بزنجو کامیاب امیدوار ٹھہرے۔ہفتہ کو بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے امیدوار آغا سید لیاقت نے 13 ووٹ حاصل کیے۔ قدوس بزنجو کا تعلق مسلم لیگ (ق )سے ہے اور وہ ن لیگ میں سابق چیف منسٹر نواب ثنا اللہ زہری سے منحرف اراکین اور ق لیگ کے متفقہ امیدوار تھے۔اس سے قبل پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے عبدالرحیم زیارتوال اپنی ہی جماعت کے امیدوار آغا لیاقت کے حق میں دستبردار ہو گئے تھے۔واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے 65 اراکین میں سے ن لیگ کے 21، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے 14، نیشنل پارٹی کے 11، جمیعت العلما اسلام کے 8 ، ق لیگ کے 5 ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے 2 اراکین ہیں۔

TOPPOPULARRECENT