Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / عثمانیہ یونیورسٹی صدی تقاریب کمیٹی عہدیداروں کی جناب زاہد علی خاں سے ملاقات

عثمانیہ یونیورسٹی صدی تقاریب کمیٹی عہدیداروں کی جناب زاہد علی خاں سے ملاقات

حیدرآباد۔/17جنوری، ( سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کی صد سالہ تقاریب کا 26اپریل کو آغاز ہوگا۔ اور ابتدائی 3 دن تک حکومت کی جانب سے مختلف تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ حکومت نے اس نامور اور اردو کی پہلی یونیورسٹی کی صدی تقاریب ایک سال تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدی تقاریب کی کمیٹی سے وابستہ پروفیسر ایچ وینکٹیشورلو اسپیشل آفیسر صدی تقاریب اور ڈاکٹر روی کمار کوآرڈینیٹر صدی تقاریب نے آج ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کی اور تفصیلات سے واقف کرایا۔ عثمانیہ یونیورسٹی کی تاریخ اور اس سے وابستہ اہم شخصیتوں کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے کمیٹی کے ذمہ داروں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ تقاریب میں نظام حیدرآباد کے ارکان خاندان کو مدعو کیا جائے۔ انہوں نے تقاریب کی کامیابی کیلئے روز نامہ ’سیاست‘ سے تعاون کی خواہش کی۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد کا ایک عظیم ورثہ ہے اور روز نامہ ’سیاست‘ صدی تقاریب کے کامیاب انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ پروفیسر ایچ وینکٹیشورلو نے بتایا کہ 26 اپریل کو افتتاحی تقریب منعقد ہوگی جبکہ27 اپریل کو ملک بھر کی تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ 28اپریل کو انڈین انٹر نیشنل سائنس فیئر کا اہتمام کیا جائے گا جس کے انعقاد کیلئے مرکز نے منظوری دی ہے۔ کمیٹی کے ارکان بہت جلد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کریں گے اور صدی تقاریب کے ’لوگو‘ بروچر اور پوسٹر کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری کی صدارت میں صدی تقاریب کی تیاریاں جاری ہیں اور مختلف پروگراموں کے سلسلہ میں 30 علحدہ سب کمیٹیاں قائم کی گئیں۔ رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشوراؤ اور حکومت کے مشیر پاپا راؤ تیاری کے سلسلہ میں اعانت کررہے ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی صدی تقاریب کے ذمہ داروں کے ساتھ ریسرچ اسکالر شیخ فہیم اللہ موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT