Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / عثمانیہ یونیورسٹی میں انڈین سائنس کانگریس کی تیاریاں

عثمانیہ یونیورسٹی میں انڈین سائنس کانگریس کی تیاریاں

حیدرآباد 17 اکتوبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی عثمانیہ یونیورسٹی میں آئندہ سال جنوری میں ہونے والی انڈین سائنس کانگریس میں 30نوبل انعام یافتہ افراد شرکت کریں گے ۔ اس کانگریس کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔یہ باوقار کانگریس 3تا7جنوری منعقد کی جائے گی ۔تلنگانہ حکومت کی جانب سے اس سائنس کے فروغ کیلئے 166.40کروڑ روپئے کے صرفہ سے ریاست بھر میں 9سائنس سنٹرس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ساتھ ہی ریاستی حکومت اضلاع ورنگل اور کریم نگر میں اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ریڈیشن ٹکنالوجی پلانٹس کا بھی قیام عمل میں لائے گی۔ اس کانگریس میں ہندوستان اور بیرونی ممالک کے تقریبا 20,000 مندوبین حصہ لیں گے ۔اس کا موضوع ”سائنس اور ٹکنالوجی کے ذریعہ ان لوگوں تک رسائی جن تک رسائی نہیں ہوپائی ہے ”دیا گیا ہے ۔ وزیراعظم اس کانگریس کا افتتاح کریں گے ۔اس کانگریس کے دوران ویمن سائنس کانگریس،چلڈرنس سائنس کانگریس ، سائنٹیفک کمیونیکیٹرس میٹ بھی ہوگی۔اس پانچ روزہ پروگرام کے دوران سائنسی نمائش اور بچوں کی سائنس کانگریس بھی اصل مرکز توجہ رہے گی ۔ملک بھر کے ریسرچ اسکالرس اپنے سائنٹیفک ماڈلس بھی پیش کرینگے ۔اس موقع پر 3500مقالے بھی پڑھے جائیں گے ۔یہ مقالے سائنس ، ارضی سائنس ،ماحولیاتی سائنس اور دیگر موضوعات پر ہونگے ۔

TOPPOPULARRECENT