Sunday , September 23 2018
Home / شہر کی خبریں / عثمانیہ یونیورسٹی ویمنس کالج کی 90 ویں یوم تاسیس

عثمانیہ یونیورسٹی ویمنس کالج کی 90 ویں یوم تاسیس

18 تا 20 ستمبر مختلف پروگرامس، پرنسپل کالج پروفیسر بی ٹی سیتا کی پریس کانفرنس

18 تا 20 ستمبر مختلف پروگرامس، پرنسپل کالج پروفیسر بی ٹی سیتا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 18 ستمبر (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کالج فار ویمن کی جانب سے 90 ویں یوم تاسیس کے موقع پر سہ روزہ تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے۔ ان سہ روزہ تقاریب کے دوران آرٹس اور ٹیکنالوجی ایگزیبیشن کے علاوہ مختلف تہذیبی و ثقافتی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ پرنسپل عثمانیہ یونیورسٹی کالج فار ویمن پروفیسر بی ٹی سیتا نے ان تقاریب کے سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ کالج نے 90 ویں یوم تاسیس کے موقع پر صدی تقاریب کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اسی منصوبہ میں 18 تا 20 ستمبر کالج کے مختلف شعبہ جات کی جانب سے پروگرامس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1924ء میں گولڈن تھرشولڈ عمارت میں 7 طالبات کے ساتھ شروع ہوئے خواتین کے مخصوص کالج میں آج 4 ہزار طالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ پروفیسر بی ٹی سیتا نے مزید بتایا کہ 18 تا 20 ستمبر منعقد ہورہی نمائش کے دوران مختلف کوئز مقابلے کے علاوہ پوسٹر ڈیزائننگ، فوٹو گرافی، سمینارس و دیگر پروگرامس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس میں دونوں شہروں کے مختلف کالجس حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کالج میں فی الحال 13 پوسٹ گریجویٹ کورسیس چلائے جارہے ہیں جبکہ 26 گریجویٹ کورسیس کے شعبے موجود ہیں۔ بیرونی طلبہ کے متعلق انہوں نے بتایا کہ مختلف ممالک کے 45 طالبات عثمانیہ یونیورسٹی کالج فار ویمن میں تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ پروفیسر بی ٹی سیتا نے کہا کہ قلب شہر میں واقع اس وسیع و عریض کالج کو مزید بہتر نگہداشت کے ذریعہ تلنگانہ کے چنندہ باوقار تعلیمی اداروں کی فہرست میں شامل کیا جاسکتا ہے چونکہ بہترین ماحول اور عمارت میں تعلیم کا نظم عثمانیہ یونیورسٹی ویمنس کالج کوٹھی میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج لڑکیوں کی تعلیم میں نہ صرف کلیدی کردار ادا کررہا ہے بلکہ ریاست و تلنگانہ کے بیشتر اضلاع سے تعلق رکھنے والی طالبات کے مستقبل کو بہتر بنانے اس کالج کا اہم کردار ہے۔ پروفیسر بی ٹی سیتا نے بتایا کہ گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے طلبہ کی جانب سے پیش کئے گئے تہذیبی و ثقافتی مظاہروں پر طلبہ کی ستائش کی۔ کالج کے 90 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کالج کی طالبات نے بتکماں، ڈانڈیا کے علاوہ تلنگانہ کے جنگلاتی علاقوں میں رہنے والے قبائل کے مخصوص قبائیلی رقص وغیرہ کا مظاہرہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT