Thursday , January 18 2018
Home / کھیل کی خبریں / عثمان خواجہ ڈبل سنچری سے محروم

عثمان خواجہ ڈبل سنچری سے محروم

 

سڈنی۔6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عثمان خواجہ اور مارش برادران کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے آخری ایشز ٹسٹ پر بھی گرفت مضبوط کر لی ہے اور انگلینڈ پر ایک اور شکست کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔سڈنی میں جاری ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے 193 رنز دو کھلاڑی سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو عثمان خواجہ اور کپتان اسٹیون اسمتھ وکٹ پر موجود تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا اور عثمان خواجہ نے ایشز سیریز میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔دونوں کھلاڑیوں نے اسکور 274 تک پہنچایا لیکن کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل اسمتھ 83 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔دوسرے سرے پر موجود عثمان خواجہ کی دلکش بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے شان مارش کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلئے 101 رنز جوڑتے ہوئے دوسرے سیشن میں انگلینڈ کو وکٹ سے محروم رکھا لیکن چائے کے وقفے کے فوراً بعد میسن کرین نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کرتے ہوئے عثمان خواجہ کی اننگز کا خاتمہ کردیا، انہوں نے ایک چھکے اور 18 چوکوں کی مدد سے 171 رنز بنائے۔شان مارش کا ساتھ نبھانے ان کے چھوٹے بھائی مچل مارش آئے اور دونوں نے دن بھر کے نڈھال انگلش بولروں کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے خوب خبر لی اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ کی پہلی اننگز 346 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے چار وکٹ کے نقصان پر 479 رنز بنالئے ہیں اور اسے رواں ٹسٹ میں133 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ مارش سنچری سے دو رنز دوری پر ہیں اور 98 رنز پر ناقابل شکست ہیں جبکہ بھائی مچل مارش 63 رنز پر کھیل رہے ہیں۔آسٹریلیا کو میچ میں اب تک 133 رنز کی برتری حاصل ہے جس کے ساتھ ہی انگلینڈ پر رواں ایشز سیریز میں ایک اور شکست کے سائے گہرے ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ پانچ میچوں کی ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو پہلے ہی 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔عثمان خواجہ نے 381 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں 171 رنز بنائے جوکہ ایشز میں انکی پہلی سنچری ہے۔اس شاندار مظاہرہ کے بعد ان کے جنوبی افریقہ کی سیریز میں ٹیم کی نمائندگی کرنا لگ بھگ طے ہوچکاہے۔

TOPPOPULARRECENT