Tuesday , December 12 2017
Home / کھیل کی خبریں / عثمان کو 5 وکٹیں، پاکستان 5-0 سے کامیاب

عثمان کو 5 وکٹیں، پاکستان 5-0 سے کامیاب

شارجہ23 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام)عثمان خان شنواری کی تباہ کن بولنگ کی بدولت سری لنکا کو سیریز کے پانچویں ونڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد نو وکٹ سے شکست دے کر پاکستان نے سیریز میں 5-0 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔شارجہ میں پانچویں اور آخری ونڈے میںکیریئر کا دوسرا ون ڈے کھیلنے والے عثمان نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے اپنی ابتدائی 21 گیندوں پر پانچ سری لنکائی بیٹسمینوںکو آؤٹ کیا۔عثمان نے پہلے ہی اوور میں سدیرا سماراوکراما اور دنیش چندیمل پھر اگلے اوور میں اپل تھارنگا اور نروشن ڈکویلا کو آؤٹ کیا تو مہمان ٹیم آٹھ رنز پر چار وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔اسکور ابھی 20 تک ہی پہنچا تھا کہ عثمان نے اپنے اسپیل کی 21ویں گیند پر ملندا سری وردنا کو فخر زمان کو کیچ کرا کر کیریئر میں پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔تھسارا پریرا نے چند بڑے شاٹس کھیل کر اسکور کو 85 تک پہنچایا بعدازاں 85 رنز کے مجموعی اسکور پر شاداب نے پریرا اور ویندرسے کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو آٹھواں اور نواں نقصان پہنچایا۔چمیرا نے جیسے تیسے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن 103 کے مجموعے پر حسن علی نے انہیں آؤٹ کر کے مہمان ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے ٹیم کو 84 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، فخر آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی تھے جو 47 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلے کے بعد پویلین لوٹے۔امام الحق نے 21ویں اوور کی دوسری گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو نو وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا، انہوں نے 45 رنز بنائے۔ 2008 کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے کسی پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کیا ہے۔عثمان شنواری میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ حسن علی کو 14 وکٹیں لینے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT