Tuesday , December 11 2018

عدالتوں کی تقسیم سے حکومت کو کوئی سروکار نہیں

مرکزی حکومت پر الزام تراشی کیلئے ٹی آر ایس پر بی جے پی قائد رامچندر راؤ کی تنقید

مرکزی حکومت پر الزام تراشی کیلئے ٹی آر ایس پر بی جے پی قائد رامچندر راؤ کی تنقید
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے سینئیر قائد اور ایم ایل سی امیدوار این رامچندر راؤ نے آج ہائی کورٹ کی تقسیم پر این ڈی اے حکومت کو مورد الزام ٹھہرانے پر ٹی آر ایس اور دوسروں پر تنقید کی اور کہا کہ عدالتوں کی تقسیم سے حکومت کو کوئی سروکار نہیں ہوتا ہے ۔ آج یہاں اے نرسمہاریڈی صدر بار کونسل کے ساتھ جنہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیارکی ہے ، ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے مسٹر رامچندر راؤ نے کہا کہ ہائی کورٹ کی تقسیم کے عمل کے لیے چیف جسٹس آف انڈیا ، چیف جسٹس آف آندھرا پردیش اور دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹرس ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ ایک آزاد ادارہ ہوتا ہے اور مرکزی حکومت اس کے کام میں مداخلت نہیں کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس مسئلہ پر مرکزی وزیر قانون سے ملاقات کی ہے اور حال میں جب ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ ونود نے پارلیمنٹ میں اس مسئلہ کو اٹھایا تو مرکزی وزیر قانون نے انہیں ایک تحریری جواب دیتے ہوئے ان سے کہا کہ اس مقصد کے لیے جگہ کی نشاندہی کریں ۔ رامچندر راؤ نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ حکومت اس کے لیے علحدہ جگہ کی نشاندہی کرنے میں کیوں تاخیر کررہی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT