عدالتی فیصلہ پر ہندوستان کا رد عمل نامعقول : پاکستان

اسلام آباد۔16مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج 2008ء کے ممبئی دہشت گرد حملے کے سازشی ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی کا حکم دینے کے عدالتی فیصلہ پر ہندوستان کے سخت ردعمل پر اعتراض کرتے ہوئے اسے نامعقول قرار دیا ۔ تاہم اُمید ظاہر کی کہ یہ مسئلہ باہمی تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوگا ۔ وزیر اعظم پاکستان کے مشیربرائے قومی سلامتی و خارجہ تعلقات سرتاج عزیز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا اور ہندوستان کے الزامات کو مسترد کردیا کہ پاکستان لکھوی کی قید کو یقینی بنانے کافی کوشش نہیں کررہا ہے ۔ انہوں نے روزنامہ ’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ سے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ پر جو لکھوی کی حراست کے بارے میں ہے ہندوستان کا ردعمل ’’نامعقول ‘‘ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عدالیہ آزاد ہے ‘ آزادی سے کام کرتی ہے اور پاکستان کو اُمید ہے کہ عدالتی فیصلہ ہند۔ پاک امن مذاکرات کو متاثر نہیں کرے گا ۔لکھوی اور دیگر 6ملزمین پر الزام ہے کہ انہوں نے نومبر 2008ء میں ممبئی دہشت گرد حملے کی سازش تیار کی تھی اور اُس پر عمل آوری کروائی تھی جس کی وجہ سے 166افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ لکھوی لشکرطیبہ کے بانی جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کا قریبی رشتہ دار سمجھا جاتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT