Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / عدم روا داری اور فرقہ پرستی کے ماحول کے خلاف ملک بچاؤ مہم

عدم روا داری اور فرقہ پرستی کے ماحول کے خلاف ملک بچاؤ مہم

طلبہ تنظم اے آئی ایس ایف کی جانب سے قومی اتحاد پر زور ، اہم شہروں میں تحریک
حیدرآباد ۔ 24 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ملک میں پیدا کی جارہی بے چینی ، عدم روا داری اور فرقہ پرستی کے ماحول کے خلاف اے آئی ایس ایف نے ملک بچاؤ مہم کا آغاز کردیا ۔ متحدہ جدوجہد اور بہتر ہندوستان کے لیے طلبہ تنظیم نے قومی اتحاد پر زور دیا ہے ۔ بائیں بازو کی مضبوط طلبہ تنظیم آل انڈیا اسٹوڈنٹ فیڈریشن نے اس مہم کا آغاز ریاست مہاراشٹرا سے کیا ۔ سید ولی اللہ قادری کی قیادت میں تنظیم کے وفد نے سماجی جہد کار اناہزارے سے ملاقات کی ۔ قومی صدر اے آئی ایس ایف سید ولی اللہ قادری کی قیادت میں چلائی جارہی یہ مہم ملک کے اہم شہروں میں اپنی تحریک چلائے گی ۔ اس مہم کا مہاراشٹرا کے احمد نگر سے آغاز ہوا ۔ اس مہم میں دستور ہند کے معمار بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر کے علاوہ ایسے قلم کار ، ادیب اور شعراء و فنکار موجود تھے جنہوں نے ملک میں عدم روا داری کے خلاف بطور احتجاج اپنے ایوارڈز واپس کیے ہیں ، مختلف تنظیموں اور انسانی حقوق تنظیموں کے 5 ہزار کارکن شریک تھے۔ مہم کا آغاز زعفرانی تنظیموں کی بربریت اور دہشت گردی کا شکار گویند پلساری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا تھا ۔ جنہیں مبینہ طور پر سناتھن سنستھا کے کارکنوں نے ہلاک کردیا تھا ۔ اس موقع پر قومی صدر اے آئی ایس ایف سید ولی اللہ قادری نے فرقہ پرست تنظیموں کو ملک میں ماحول بگاڑنے کے خلاف انتباہ دیا اور سیکولر ذہن افراد سے اپیل کی کہ وہ ملک کی سالمیت کو برقرار رکھنے اور خوشحال امن پسند ملک کے لیے ان فرقہ پرستوں کا مقابلہ کرنے تیار ہوجائیں ۔ انہوں نے بی جے پی اور دیگر ہمنوا تنظیموں پر الزام لگایا کہ وہ ملک کو اپنی جاگیر تصور کرنے لگے ہیں اور ملک میں نفرت کا ماحول پیدا کرتے ہوئے اپنے مقاصد کو پورا کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ جو ملک میں عدم روا داری کے ماحول کو پیدا کررہے ہیں ملک کو جلانا چاہتے ہیں لیکن بائیں بازو ان کی ہر کوشش کو ناکام بنادے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر کے دوسرے ہفتہ تک مہم جاری رہے گی اور اس مہم کے ذریعہ سیکولر ذہن اور مخالف ہندوتوا طاقتوں کو متحد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسی طاقتوں کی کوششوں کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے سیکولرازم کے ذریعہ ملک کو بچانے کی اپیل کی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT