Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / عدم معلومات پر لب کشائی سے قابلیت بے نقاب

عدم معلومات پر لب کشائی سے قابلیت بے نقاب

ایرانی وفد کا دورہ حج ہاوز ، سید عمر جلیل کی غلط معلومات پر ایرانی قائدین حیرت زدہ
حیدرآباد۔ 6۔ جون  ( سیاست نیوز) بزرگوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی معاملہ میں معلومات نہ ہوں تو انسان کو لب کشائی سے گریز کرتے ہوئے خاموش رہنا چاہئے۔ اکثر یہ دیکھا گیا کہ معلومات کی کمی کے ساتھ لب کشائی انسان کی قابلیت کو بے نقاب کردیتی ہے۔ آج ایرانی وفد کی آمد کے موقع پر کچھ اسی طرح کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل جو ایرانی وفد کو خوش کرنے کا کوئی موقع گنوانا نہیں چاہتے تھے، انہوں نے بعض غلط معلومات کی فراہمی کے ذریعہ ایرانی قائدین کو حیرت میں ڈال دیا۔ سکریٹری ا قلیتی بہبود کربلا معلیٰ اور نجف اشرف کے مقامات سے ناواقف ہیں اور انہوں نے ان مقامات کو جانے والے زائرین کیلئے ایرانی حکومت سے سبسیڈی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کی نمائندگی کی۔ اس نمائندگی پر ایرانی وفد کے ارکان حیرت میں پڑگئے۔ وہ اس بات پر حیرت زدہ تھے کہ سکریٹری اقلیتی بہبود اس بات سے ناواقف ہیں کہ یہ دونوں مقامات مقدسہ ایران میں نہیں بلکہ عراق میں ہیں۔ وہاں جانے والے حیدرآبادی زائرین کیلئے سبسیڈی کی فراہمی کی درخواست عراقی حکومت سے کی جانی چاہئے نہ کہ ایران سے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ حیدرآباد میں شیعہ برادری کی خاصی تعداد ہے اور وہ مقامات مقدسہ کی زیارت کرتے ہیں۔ کربلا معلیٰ اور نجف اشرف جانے والے زائرین کو حکومت ایران کی جانب سے سبسیڈی اور سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ان کی اس اپیل پر ایرانی وفد نے رسمی طور پر تیقن دیدیا لیکن حقیقت میں یہ ایرانی حکومت کے تحت نہیں ہے۔ جہاں تک سبسیڈی کی فراہمی کا سوال ہے ، یہ اپیل حکومت ہند سے کی جانی چاہئے کیونکہ حکومت ہند کو اس کا اختیار ہے ۔ جس طرح فریضہ حج کیلئے سبسیڈی ہے، اسی طرح مقامات مقدسہ کیلئے بھی فراہم کرنے کی اپیل کی جاسکتی ہے۔ برخلاف اس کے ایک غیر متعلق ملک سے سبسیڈی کی اپیل کرنا مضحکہ خیز ہے ۔ ایرانی وفد کے عہدیدار بھی اس درخواست پر حیرت میں پڑگئے۔

TOPPOPULARRECENT