عراقی انٹلیجنس کا دولت اسلامیہ جہادیوں کو گرفتار کرنے کا ادعا

لندن ۔ 16 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) عراقی انٹلیجنس نے یہاں ملنے والی ایک رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے دولت اسلامیہ کے 31 جنگجوؤں کو گرفتار کرلیا ہے جو بغداد میں ایک دو نہیں بلکہ 52 حملوں کی منصوبہ بندی اور اُن پر عمل آوری کے ذمہ دار ہیں۔ عراق کی انٹلیجنس سرویس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹلیجنس نے جو آپریشن انجام دیا ہے اُس کے تحت دولت اسلامیہ سے ملحقہ ولایت بغداد دہشت گرد گروپس کا قلع قمع کیا گیاہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن سکیورٹی فورسس اور عدلیہ کے تعاون سے انجام دیا گیا ۔ جن 31 جہادیوں کو گرفتار کیا گیا ہے وہ تمام دولت اسلامیہ کے کارکن تھے جن کا تعلق پورے بغداد سے بتایاگیا ہے ۔ گرفتاری کے بعد انھوں نے 2014 ء اور 2015 کے اوائل میں بغداد کے محتلف علاقوں میں مجموعی طورپر 52 حملوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا جبکہ انٹلیجنس کے ایک اور دعوے کے مطابق اُن کے قبضہ سے اسلحہ ، دھماکو بیلٹس ، سائیلنسرس ، تباہ شدہ کاریں اور موٹر سائیکلس اور اُن کے بزدلانہ حملوں کے ویڈیوز بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ البتہ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اُن کی گرفتاری کب عمل میں آئی جبکہ انٹلیجنس کے ایک ترجمان کے مطابق گرفتاریاں گزشتہ ماہ عمل میں آئیں۔

TOPPOPULARRECENT