Sunday , November 19 2017
Home / عرب دنیا / عراق میں کئی بکتر بند گاڑیاں پراسرار طور پر غائب

عراق میں کئی بکتر بند گاڑیاں پراسرار طور پر غائب

بغداد ۔ 13 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بدعنوانی کی دلدل میں پھنسے عراق میں ایک نیا اور نہایت خوفناک اسکینڈل سامنے آیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک دوست ملک کی طرف سے عطیے میں دی گئی بیسیوں فوجی بکتر بند گاڑیاں پراسرار طور پر غائب ہیں۔ دوسری جانب عراقی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ غائب ہونے والی گاڑیاں انہیں مہیا نہیں کی گئی تھیں۔ وزارت دفاع کو ان گاڑیوں کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔ عراق میں کئی بکتر بند فوجی گاڑیوں کی گمشدگی کا اسکینڈل ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعظم حیدرالعبادی نے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے آئینی اصلاحات کا ایک نیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اسکینڈل کے منظرعام پر آنے کے بعد عراقی عوام نے ملک بھر میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کے لیے مظاہرے شروع کر دیے ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم اعلان کردہ آئینی اصلاحات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں کسی قسم کی تاخیر نہ کریں۔ لندن سے شائع ہونے والے اخبار العرب نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ چند ماہ کے دوران پراسرار طور پر 75 بکتر بند گاڑیاں گم ہوئی ہیں۔ ذرائع میں اس اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد عراق کے سیاسی حلقوں میں ایک نئی ہلچل پیدا ہوئی ہے مگر معلوم ہوا ہے کہ عراقی پارلیمنٹ کے کئی سرکردہ ارکان بکتر بند گاڑیوں کی گمشدگی کی تحقیقات کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔ اخباری رپورٹ میں یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا یہ بکتر بند گاڑیاں کس ملک کی طرف سے دی گئی ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ گم ہونے والی فوجی گاڑیاں ایک خلیجی ملک کی طرف سے عطیہ کی گئی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT