Friday , January 19 2018
Home / Top Stories / عراق میں ہندوستانی نرسس رہا، آج وطن واپسی

عراق میں ہندوستانی نرسس رہا، آج وطن واپسی

نئی دہلی / کوچی /4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں ہندوستانی کی تمام نرسس محفوظ ہیں اور انھیں رہا کردیا گیا ہے۔ دن بھر کی زبردست سرگرمیوں اور تبدیلیوں کے بعد تمام 46 ہندوستانی نرسوں کو آئی ایس آئی ایس (داعش) کے کارکنوں نے رہا کردیا۔ گڑبڑ زدہ عراق میں ان کی رہائی کے بعد ہندوستان کے خصوصی طیارہ کے ذریعہ دیگر 70 ہندوستانی شہریوں کے ہمراہ نرسوں کو کل ہندوستان لایا جا رہا ہے۔ غیر گڑبڑ زدہ والے زون اربیل کو آج تمام نرسیں پہنچ گئی ہیں۔ دہلی میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ہندوستانی نرسوں کو ان کی مرضی کے خلاف یرغمال بنایا گیا تھا، کل ہی رہا کردیا گیا۔ اب وہ اربیل میں ہندوستانی سفارتی عہدہ داروں سے ربط رکھے ہوئے ہیں۔ اربیل شمالی عراق میں واقع ہے، جو کردش خطہ کا دارالحکومت ہے۔ یہ نرسیں توقع ہے کہ کل کوچی پہنچ جائیں گی۔ طیارہ میں نرسوں کے ساتھ ایک جوائنٹ سکریٹری رتبہ کا عہدہ دار بھی ہوگا۔)

طیارہ میں دیگر 70 ہندوستانی شہری بھی سوار ہوں گے، جنھیں عراق کے شمالی حصہ میں کرکک سے لایا جا رہا ہے۔ نرسوں کا یرغمالی مسئلہ جو صدام حسین کے آبائی ٹاؤن تکریت میں ایک دوا خانہ میں کام کر رہی تھیں، اس وقت شروع ہوا، جب 9 جون کو آئی ایس آئی ایس (دولت اسلامیہ عراق و شام) کے ارکان نے حملوں کا آغاز کیا تھا۔ ان نرسوں کو جنگجوؤں نے اپنے زیر قبضہ شہر موصل میں رکھا تھا، جو تکریت سے 250 کیلو میٹر دور واقع ہے۔ نرسوں کو کل موصل سے 80 کیلو میٹر دور اربیل انٹر نیشنل ایرپورٹ لایا گیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ نرسیں محفوظ ہیں اور انھیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ دہلی سے ایرانڈیا کا ایک خصوصی طیارہ انھیں لانے کے لئے روانہ ہو گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT