عراق کو سعودی عرب کی 500 ملین ڈالر امداد

بغداد ۔ 2 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے رمضان المبارک کے موقع پر عراق کے عوام کو راحت پہنچانے 500 ملین ڈالر کی امداد جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ عراق میں شورش پسندی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی نے اطلاع دی ہیکہ گروہ واری اور نسل پرستی کے پرتشدد واقعات پر اظہارافسوس کرتے ہوئے فرمانروا سعودی عرب نے عراقی عوام کو راحت پہنچانے اقوام متحدہ ایجنسیوں کے ذریعہ امداد تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ اس سال تشدد کے بعد 1.2 ملین عراقی عوام بے گھر ہوگئے ہیں۔ ان میں سے سینکڑوں افراد گذشتہ 3 ہفتوں سے جاری تشدد کا شکار ہوکر بے سروسامانی کی زندگی گذار رہے ہیں۔ رمضان کے دوران روزوں اور نمازوں کا اہتمام کرنے مشکل پیش آرہی ہے۔ تارکین وطن کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم کا کہنا ہیکہ عراق کو انسانی بحران سے دوچار ملک قرار دیا جائے۔ ہزاروں افراد تشدد کا شکار ہوگئے ہیں۔ یہ صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔ اقوام متحدہ کے مشن نے بتایا کہ اب تک 1531 شہری اور 886 سیکوریٹی فورسیس ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 2287 شہری زخمی بتائے گئے ہیں ان میں سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ انبار میں ہوئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT