Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی نظام رباط میں قیام کی قرعہ اندازی

عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی نظام رباط میں قیام کی قرعہ اندازی

حیدرآباد۔/13مئی، ( سیاست نیوز) حج 2017 کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی نظام رباط میں قیام کی سہولت کیلئے آج قرعہ اندازی کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آن لائن قرعہ اندازی کا بٹن دباکر افتتاح کیا۔ تلنگانہ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 42 اضلاع کے عزیزیہ زمرہ 5251 عازمین کی قرعہ اندازی کی گئی اور 1153 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف آن لائن قرعہ اندازی میں شرکت کیلئے بطور خاص حیدرآباد پہنچے تھے۔ حسین محمد الشریف نے باکوتما علاقہ میں رباط کیلئے 3 عمارتیں حاصل کی ہیں اور سعودی حکومت سے 1283 عازمین کے قیام کی تصریح حاصل کی گئی۔ اوقاف کمیٹی ایچ ای ایچ دی نظام کو 10فیصد یعنی 128 نشستیں الاٹ کی گئیں اور 3 خادم الحجاج کی نشستیں محفوظ کی گئیں۔ اس طرح 1152 عازمین کیلئے قرعہ اندازی عمل میں آئی جو 494 کور نمبرس پر محیط ہیں اور جس کے ذریعہ 1153 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ اس کے علاوہ 300 عازمین پر مشتمل ویٹنگ لسٹ بھی تیار کی گئی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے اشتراک سے کی گئی اس قرعہ اندازی میں تلنگانہ کے 32 اضلاع سے 586 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا جبکہ مہاراشٹرا کے 8 اضلاع سے 450 اور کرناٹک کے 4 اضلاع سے 117 عازمین حیدرآبادی رباط میں قیام کے لئے مستحق قرار پائے ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ نظام فیملی کو 10 فیصد نشستیں الاٹ کی گئی ہیں اور ان میں بچ جانے والی نشستوں کو ویٹنگ لسٹ سے پُر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محرم زمرہ کے تحت ہندوستان بھر میں 200 نشستیں ہیں جن کیلئے ریاستوں کو الاٹمنٹ ابھی باقی ہے۔ اگر محرم زمرہ میں منتخب کسی عازم کے ساتھی کا حیدرآبادی رباط کیلئے انتخاب عمل میں آچکا ہے تو ترجیحی بنیاد پر اس عازم کو رباط کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام منتخب عازمین کو فون پر اطلاع دے دی گئی ہے اور تلنگانہ حج کمیٹی کے ویب سائیٹ پر منتخب لسٹ اور ویٹنگ لسٹ کو ڈسپلے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کو اوقافی کمیٹی ایچ ای ایچ دی نظامس سے پرمٹ لیٹر حاصل کرنا ہوگا۔ اوقاف کمیٹی سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ چیریان پیلیس کے بجائے اپنا دفتر کنگ کوٹھی یا پھر حج ہاوز کی عمارت میں قائم کرے تاکہ عازمین حج کو پرمٹ لیٹر حاصل کرنے میں سہولت ہو۔ قرعہ اندازی کے موقع پر حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں ، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، صدرنشین اوقاف کمیٹی نظام نواب سید خیر الدین علی خاں ٹرسٹی ابوالفیض خاں، اور دوسرے موجود تھے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے خیرمقدم کیا۔ عزیزیہ زمرہ سے تعلق رکھنے والے کئی عازمین نے تقریب میں شرکت کی اور قرعہ اندازی کا مشاہدہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT