Tuesday , January 16 2018
Home / شہر کی خبریں / عصری تعلیم کا انتظام کرنے والے دینی مدارس کی حوصلہ افزائی کا اعلان

عصری تعلیم کا انتظام کرنے والے دینی مدارس کی حوصلہ افزائی کا اعلان

لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ دینے کی خواہش ، ڈپٹی چیف منسٹر کا جامعتہ المومنات کو ایک لاکھ کی امداد

لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ دینے کی خواہش ، ڈپٹی چیف منسٹر کا جامعتہ المومنات کو ایک لاکھ کی امداد
حیدرآباد۔/24اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے پرانے شہر میں واقع دینی مدرسہ جامعتہ المومنات کیلئے اپنے نجی ٹرسٹ سے ایک لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ جناب محمود علی نے کل اس مدرسہ کا دورہ کیا اور طالبات کے قیام و طعام کے انتظامات سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے مدرسہ میں دی جارہی تعلیم اور اساتذہ کی خدمات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ اس مدرسہ میں کئی طالبات مختلف اہم موضوعات پر پی ایچ ڈی کررہی ہیں۔ اس کے علاوہ مدرسہ میں دینی تعلیم کے ساتھ لڑکیوں کیلئے عصری تعلیم کا بھی انتظام ہے۔ جناب محمود علی نے لڑکیوں کیلئے دینی اور عصری تعلیم کے بیک وقت انتظام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے دیگر مدارس میں بھی اس طرح کی سہولت فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ لڑکیوں کو دین کے ساتھ ساتھ عصری تقاضوں سے بھی ہم آہنگ کیا جائے تاکہ وہ مسابقت میں کسی سے پیچھے نہ رہیں۔ جناب محمود علی نے اپنی والدہ محترمہ کے نام سے قائم کردہ ٹرسٹ کے ذریعہ ایک لاکھ روپئے کی اعانت کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ رقم لڑکیوں کی بہتر تعلیم اور نگہداشت پر خرچ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی مدرسہ کا دورہ کریں گے اور ان کی خواہش ہے کہ دیگر مدارس بھی طالبات کیلئے عصری تعلیم کا اہتمام کریں۔ مدرسہ کی طالبات نے ڈپٹی چیف منسٹر کے روبرو اپنی تعلیمی قابلیت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ مدرسہ کے اساتذہ اور ذمہ داروں نے تعلیمی رپورٹ پیش کی۔ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت ایسے دینی مدارس کی حوصلہ افزائی کرے گی جہاں بطور خاص طالبات کیلئے عصری تعلیم کا انتظام کیا جائے۔

TOPPOPULARRECENT