Saturday , November 17 2018
Home / شہر کی خبریں / عظیم اتحاد میں نشستوں کی تقسیم میں تاخیر،سی پی آئی ناراض

عظیم اتحاد میں نشستوں کی تقسیم میں تاخیر،سی پی آئی ناراض

حیدرآباد۔/7 نومبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے قبل از وقت مجوزہ اسمبلی انتخابات میں کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ٹی آر ایس پارٹی کو شکست دینے کے مقصد سے تشکیل دیئے گئے عظیم اتحاد میں نشستوں کی فراہمی کے مسئلہ پر مبینہ طور پر ہورہی تاخیر کے سبب عظیم اتحاد میں شامل دوست جماعتوں میں نہ صرف سخت تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے بلکہ مایوسی بھی پائی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں ایک بار پھر ریاستی سی پی آئی سکریٹری تلنگانہ مسٹر سی وینکٹ ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ اظہار کیا اور کانگریس پارٹی کے طرز عمل پر اپنی سخت ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ سی پی آئی نے صرف 9 نشستوں کی فراہمی کیلئے اپنی تجویز پیش کرتے ہوئے بالخصوص حلقہ اسمبلی کوتہ گوڑم کی نشست حاصل کرنے سے سی پی آئی خصوصی دلچسپی رکھتی ہے۔کانگریس پارٹی کی جانب سے ایک دن نشست فراہم کرنے اور دوسرے دن نشست فراہم نہ کرنے سے متعلق کی جانے والی باتوں سے سی پی آئی قائدین اپنی پارٹی کی توہین تصور کررہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس پارٹی سے سی پی آئی کے تعلق سے اپنا طرز عمل تبدیل کرلینے کی اپیل کی اور اس بات کا سخت انتباہ دیا کہ جن نشستوں کی فراہمی کا سی پی آئی مطالبہ کررہی ہے وہی نشستیں فراہم کریں بصورت دیگر سی پی آئی عظیم اتحاد میں شامل رہنے یا نہ رہنے کے تعلق سے از سر نو غور کرنے پر مجبور ہوگی اور اس مسئلہ پر9 نومبر کو ریاستی سی پی آئی کی عاملہ کے منعقد ہونے والے اہم اجلاس میں قطعی فیصلہ کئے جانے کا اظہار کیا۔

TOPPOPULARRECENT