Tuesday , July 17 2018
Home / عرب دنیا / علاقہ میں امن و خوشحالی کیلئے مسئلہ کشمیر کی یکسوئی ضروری

علاقہ میں امن و خوشحالی کیلئے مسئلہ کشمیر کی یکسوئی ضروری

یوم یگانگت کشمیر کے موقع پر پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کے پیامات
اسلام آباد ۔ 5 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج کہا کہ اس علاقہ میں امن و خوشحالی ـکا خواب مسئلہ کشمیرکی یکسوئی کے بغیر کبھی پورا نہیں ہوگا اور حق خودارادیت کیلئے وادی کے عوام کی جدوجہد میں بھرپور تائید و حمایت جاری رکھنے کیلئے اپنے عہد کا اعادہ کیا۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباس ’’یوم یگانگت کشمیر‘‘ کے موقع پر الگ الگ پیغامات میں یہ ریمارکس کئے ہیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ ’’مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کیلئے جاری جدوجہد میں پاکستان نے اپنی غیرمتزلزل سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی مدد و حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرتا ہے ‘‘ ۔ وزیراعظم عباس نے بھی اپنے سرکاری پیغام میں کشمیر کے عوام سے یگانگت کااظہار کیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعہ بین الاقوامی برادری کی طرف سے ارادیت کیلئے کئے گئے وعدہ کے برخلاف جموںو کشمیر کے عوام کو سات دہائیوں کے گذرنے کے باوجود خود ارادیت کے بنیادی حق سے محروم رکھا گیا ہے۔ پاکستانی وزیراعظم نے کہاکہ ہندوستان نے تنظیم اسلامی کانفرنس کے دفتر ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور مستقل انسانی حقوق کمیشن کی ٹیم کو دورۂ کشمیر کی اجازت دینے سے انکار کردیا جس سے بین الاقوامی برادری (کشمیر کی ) حقیقی صورتحال کا بذات خود جائزہ لینے کے موقع سے محروم ہوگئی ہے ۔ وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ’’یقینا ہندوستان بہت کچھ چُھپانا چاہتا ہے ‘‘ ۔ پاکستان کے ان دونوں قائدین نے کہاکہ اس علاقہ میںامن و خوشحالی کا خواب کشمیر تنازعہ کی یکسوئی کے بغیر پورا نہیں ہوگا ۔ پاکستان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ انسانی حقوق کے منشور کے احترام سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کی یکسوئی کیلئے ہندوستان پر دباؤ ڈالا جائے ۔

TOPPOPULARRECENT