Sunday , September 23 2018
Home / سیاسیات / علحدگی پسندمسرت عالم گرفتار‘کارروائی کرنے حکومت کا اعلان

علحدگی پسندمسرت عالم گرفتار‘کارروائی کرنے حکومت کا اعلان

سرینگر / نئی دہلی 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) اتحادی حکومت کی حلیف بی جے پی کے دباو کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پی ڈی پی زیر قیادت حکومت جموں و کشمیر نے آج علحدگی پسند قائد مسرت عالم بھٹ کو پاکستانی پرچم لہرانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اشتعال انگیز کارروائیوں کے سلسلہ میں بڈگام پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔45 سالہ سخت گی

سرینگر / نئی دہلی 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) اتحادی حکومت کی حلیف بی جے پی کے دباو کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پی ڈی پی زیر قیادت حکومت جموں و کشمیر نے آج علحدگی پسند قائد مسرت عالم بھٹ کو پاکستانی پرچم لہرانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اشتعال انگیز کارروائیوں کے سلسلہ میں بڈگام پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔45 سالہ سخت گیر علحدگی پسند قائد کو کل رات دیر گئے اُن کی قیام گاہ پر نظر بند کردیا گیا تھا ۔اُن کا مکان شہر کے علاقہ حبہ کدل میں واقع ہے۔آج علی الصبح انہیں پولیس اسٹیشن شہید گنج منتقل کیا گیا ۔ بھٹ نے کہا کہ اُن کی گرفتاری کوئی نئی بات نہیں کیونکہ جموں و کشمیر پر طاقت کی حکمرانی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانا اور پاکستان کی تائید میں نعرے بازی بھی کوئی نئی بات نہیں ہے اس کا سلسلہ 1947 سے جاری ہے ۔ یہ گرفتاری سخت گیرحریت کانفرنس کے صدر نشین سید علی شاہ گیلانی کی جانب سے ترال کے علاقہ میں ایک جلوس نکالنے کی اپیل سے چند گھنٹے قبل عمل میں آئی ۔

جموں سے موصولہ اطلاع کے بموجب مرکزی وزیر مملکت برائے دفتر وزیر اعظم جیتندر سنگھ نے کہا کہ اصولوں کی بنیاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے بی جے پی ۔پی ڈی پی مخلوط حکومت کو ریاستی حکومت کو ’’خالص حکمرانی‘‘ کرنے کا مشورہ دیا ۔ چاہے کافی مختلف نظریات ریاست میں کیوں نہ پائے جاتے ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک مرکز اور ریاستوں کی بی جے پی زیر قیادت حکومتوں کا سوال ہے موقف قوم پرستی کے تعلق سے ہمیشہ مستقل رہا ہے ۔دہشت گردی کو قطعی برداشت نہیں کیا جاسکتا اور نہ جموں و کشمیر کی بی جے پی۔پی ڈی پی مخلوط حکومت کو انتہا پسندی برداشت کرنی چاہئے ۔ اس سوال پر کہ کیا مفتی حکومت نے بی جے پی کے دباو کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ انہوں نے جواب دیا کہ یہ دباو کا معاملہ نہیں ہے در حقیقت حکومت نے کارروائی کی ہے ۔ کٹرا سے موصولہ اطلاع کے بموجب علحدگی پسندوں کو سخت لب و لہجہ کا پیغام دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اُن کی اشتعال انگیز سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

انہو ںنے کہا کہ حکومت دوبارہ کارروائی کرے گی۔ اگر پاکستانی پرچم لہرانے یا پاکستان حامی نعرہ بازی کا واقعہ دوبارہ پیش آئے تو حکومت اس کے خلاف فوری سخت کارروائی کرے گی۔ بی جے پی قائد کٹرا میں اپنی پارٹی کے کام سے مجلس قائمہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے تھے ۔ نئی دہلی سے اطلاع کے بموجب بی جے پی نے آج علحدگی پسند قائد مسرت عالم کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے کہا تھا کہ پارٹی پہلے ہی اس بات کو واضح کرچکی ہے کہ ہندوستان دشمن سرگرمی کی وادی کشمیر میں اجازت نہیں دی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT