Monday , December 11 2017
Home / ہندوستان / علیحدگی پسندوں کو حالات بگاڑنے کیلئے پیسے ملتے ہیں

علیحدگی پسندوں کو حالات بگاڑنے کیلئے پیسے ملتے ہیں

اسپیشل ڈائرکٹر جنرل سی آر پی ایف جموں و کشمیر کا بیان
جموں 27جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے اسپیشل ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف ایس این شریواستوا نے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کے ہاتھوں 7 علیحدگی پسند لیڈران کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر میں امن وامان کی صورتحال میں رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف کاروائی ہوگی۔ شریواستوا نے جمعرات کو یہاں منعقدہ سی آر پی ایف ریزنگ ڈے کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ این آئی اے کی تحقیقات نے بہت سی چیزیں صاف کردی ہیں۔ یہ عناصر (علیحدگی پسند لیڈران) سرحد پار سے ملنے والی ہدایات پر عمل درآمد کررہے تھے ۔ انہیں کشمیر کے حالات بگاڑنے کے لئے پیسے دیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا ‘این آئی اے کی کاروائی سے ٹیرر فنڈنگ کے دروازے بند ہوں گے اور نتیجتاً امن وامان کے معاملات اور دہشت گردانہ سرگرمیوں سے نمٹنا آسان ہوگا’۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں امرناتھ یاتریوں پر ہونے والے حالیہ جنگجویانہ حملے کے بارے میں پوچھے جانے پر اسپیشل ڈی جی نے کہا ‘ہم نے یاترا کے لئے غیرمعمولی سیکورٹی انتظامات کئے ہیں، لیکن میں یاتریوں سے گذارش کرنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے آپ یاترا پر جانے کے بجائے سیکورٹی قافلوں کا حصہ بن کر جائیں۔ انہوں نے کہا ‘یاتریوں کو آر او پی ٹائم پر عمل کرنا چاہیے ۔ ہم نے ان سے (یاتریوں) گذارش کی ہے کہ وہ یاترا روٹوں پر مقرر کردہ وقت کے دوران ہی سفر کریں۔ شری واستو نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو ٹالنے کے لئے ناکوں کے علاوہ گشتی پارٹیوں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سپیشل ڈی جی سی آر پی ایف نے کہا کہ یہ مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے مابین قریبی تال میل کا نتیجہ ہے کہ اب تک 100 سے زیادہ جنگجوؤں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT