Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / علیحدہ شیعہ وقف بورڈ کی تشکیل کیلئے ہائیکورٹ کی ہدایت

علیحدہ شیعہ وقف بورڈ کی تشکیل کیلئے ہائیکورٹ کی ہدایت

حیدرآباد۔ 19 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائیکورٹ نے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی ہے کہ علیحدہ شیعہ وقف بورڈ کی تشکیل کے مسئلہ پر کی گئی نمائندگی پر اندرون چھ ہفتہ قانون کے مطابق مناسب احکامات جاری کرے۔ انجمن علوی شیعہ امامیہ اثنائے عشری کی جانب سے سید وحید الدین حیدر نے ہائیکورٹ میں درخواست داخل کی جس کی سماعت کے بعد جسٹس اے وی سیشا سائی نے آج یہ عبوری احکامات جاری کئے۔ درخواست گذار کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ پی وینو گوپال نے عدالت کو بتایا کہ تنظیم کی جانب سے یکم ڈسمبر اور 15 ڈسمبر 2016 ء کو حکومت سے علیحدہ شیعہ وقف بورڈ کی تشکیل کیلئے نمائندگی کی گئی تھی۔ انہوں نے استدلال پیش کیا کہ وقف قانون کے مطابق اگر 15% جائیدادیں کسی فرقہ کی ہوں تو ان کیلئے علیحدہ وقف بورڈ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ تلنگانہ میں تقریباً 33% جائیدادیں شیعہ وقف ہیں لہذا علیحدہ ’’شیعہ وقف بورڈ‘‘ تشکیل دیا جانا چاہئے۔ معزز جج نے چیف سیکریٹری تلنگانہ اور سیکریٹری اقلیتی بہبود کو اندرون چھ ہفتے مناسب احکامات جاری کرنے کی ہدیت دی۔ اس کے علاوہ الیکشن آفیسر اور تلنگانہ وقف بورڈ کو بھی درخواست گذارنے بحیثیت فریق شامل کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT