Thursday , June 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / علیشبہ کی کرکٹر محمد سمیع سے ملاقات کی تصدیق

علیشبہ کی کرکٹر محمد سمیع سے ملاقات کی تصدیق

نئی دہلی ۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لندن میں مقیم پاکستانی لڑکی علیشبہ نے ہندستانی کرکٹر محمد سمیع سے ملاقات کی تصدیق تو کی ہے تاہم اس نے محمد سمیع کو کسی قسم کی رقم کی منتقلی کی سختی سے تردید بھی کی ہے ۔میڈیا کے مطابق پاکستانی لڑکی نے کہا ہے کہ میں ہندستانی کرکٹر محمد سمیع کی پرستار ہوں اوران سے دبئی میں ملاقات بھی ہوچکی ہے جہاں محمدسمیع جنوبی افریقہ سے واپسی پر پہنچے تھے ۔علیشبہ نے مزید کہا کہ محمد سمیع سے چمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح کے بعد رابطے میں ہوں اور ان رابطوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔دوسری جانب محمد سمیع کی بیوی حسین جہاں نے میڈیا سے گفتگو میں محمدسمیع پر میچ فکسنگ کے الزامات عائد کرتے ہو ئے کہا ہے کہ محمد سمیع نے پاکستانی لڑکی سے پیسے لینے کا اقرار کیا تھا۔ حسین جہاں نے محمد سمیع پر مزید الزام عائد کیا کہ علیشبہ کا دبئی میں ملاقات کا مقصد محمد سمیع کو پیسے فراہم کرنا تھا جو برطانیہ سے کسی دوسرے شخص نے سمیع کو روانہ تھے ۔حسین جہاں نے مزید کہا کہ میں نے محمد سمیع سے یہ تو نہیں پوچھا کہ لڑکی سے ملاقات اور اس سے پیسے لینے کا مقصد کیا تھا لیکن محمد سمیع کا یہ عمل نہ صرف مجھ سے بے وفائی تھا بلکہ یہ وطن سے بھی دھوکہ دہی ہے ۔محمد سمیع کی اہلیہ حسین جہاں اپنے شوہر پر بدکاری اور گھریلو تشدد کے الزامات عائد کرچکی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سمیع مجھے جان سے مارنے کی بھی کوشش کر چکا ہے ۔سمیع کے خلاف ان کی اہلیہ کی جانب سے شکایت کے بعد کولکتہ پولیس کی جانب سے گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کیا جا چکا ہے جس میں محمد سمیع کو کم سے کم دس سال قید بھی ہو سکتی ہے ۔قبل ازیں ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع کی اہلیہ حسین جہاں نے مبینہ طور پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کے شوہر کے علی صبا نامی پاکستانی خاتون سے تعلقات ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حسین جہاں نے علی پور کی عدالت میں مجسٹریٹ کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا ہے جس کے بعد وہ کالی گھاٹ میں واقع چیف منسٹر بنگال ممتا بنرجی کی رہائش گاہ گئیں جہاں انہوں نے تحریری درخواست بھی جمع کروائی۔واضح رہے کہ اس سے قبل محمد سمیع کی اہلیہ نے الزام عائد کیا تھا کہ فاسٹ بولر نے علی صبا نامی پاکستانی خاتون سے برطانوی نژاد تاجر محمد بھائی کی ایما پر پیسے لیے تھے جس کے بعد 9مارچ کو کلکتہ پولیس نے محمد سمیع کیخلاف ناقابل ضمانت دفعات لگا کر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT