Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / علیگڑھ مسلم یونیورسٹی تہذیبی و ثقافتی اقدار کی محافظ و علمبردار

علیگڑھ مسلم یونیورسٹی تہذیبی و ثقافتی اقدار کی محافظ و علمبردار

سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی میں تہنیتی تقریب ، لیفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ کا خطاب

سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی میں تہنیتی تقریب ، لیفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ کا خطاب
حیدرآباد۔ 18؍ ستمبر۔ ( پریس نوٹ ) ۔ وائس چانسلر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی لیفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے کہاکہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے قیام کا مقصد نہ صرف مسلمانوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنا ہے بلکہ ان کے تہذیبی اور ثقافتی اقدار کا تحفظ بھی ہے۔ وہ آج سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے مخاطب تھے۔ جناب خان لطیف محمد خان ، محمد ولی اللہ، ظفر جاوید ، ڈاکٹر میر اکبر علی خان، میر خیر الدین علی خان، کیپٹن عزیز بیگ ، غیاث الدین بابو خان، عبدالعلیم خان کے علاوہ سوسائٹی کے تحت قائم اداروں کے ذمہ دار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لیفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ جو ڈپٹی آرمی چیف رہ چکے ہیں، کہا کہ سرسید کا خواب صرف مغربی اترپردیش کے مسلمانوں کو نہیں بلکہ تمام ہندوستان کے مسلمانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا تھا۔ وہ ان کے خوابوں کو روبہ تعبیر کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء کی اکثریت اقلیتی طبقہ سے ہے جنہیں وہ ملک کی دوسری بڑی اکثریت کہتے ہیں، کیونکہ اقلیت کی اصطلاح احساس کمتری پیدا کرتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے تحت 103محکمہ جات ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں اس کے مراکز قائم کئے گئے ہیں، جس کا مقصد علیگڑھ سب کے لئے سرچشمہ فیضان ثابت ہوسکے۔ انہوں نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کو مایا ناز ادارہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ یہ واحد یونیورسٹی ہے جہاں رائیڈنگ کلب ہے اور عنقریب گولف کورس بھی مہیا کیا جارہا ہے۔ نینو ٹکنالوجی ، واٹر ٹریٹمنٹ ٹکنالوجی، اور سبز انقلاب کے لئے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اپنی مثال آپ ہے۔انہو ںنے کہا کہ مسلم طلباء کو کمیونیکشن اسکلس پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ کہنے کی عادت سے قائدانہ صلاحتیں پیدا ہوتی ہیں۔لیفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کی خدمات اور اداروں کی کارکردگی، معیار تعلیم کی ستائش کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ جناب ظفر جاوید نے خیر مقدم کیا۔ جناب خان لطیف محمد خان نے مومنٹو پیش کیا۔ مسز صبیحہ شاہ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

TOPPOPULARRECENT