Thursday , June 21 2018
Home / ہندوستان / علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کشن گنج شاخ کیلئے 100 کروڑ روپئے

علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کشن گنج شاخ کیلئے 100 کروڑ روپئے

تعلیمی اداروں کے فنڈس میں کمی نہیں ہوگی ،وفد کو پرکاش جاؤڈیکر کا تیقن

نئی دہلی۔17فروری (سیاست ڈاٹ کام) انسانی وسائل کے فروغ کے مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کشن گنج سنٹر کیلئے 100 کروڑ روپے کی گرانٹ جلد جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ یہ یقین دہانی قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے ڈائرکٹر پروفیسر ارتضی کریم کی قیادت میں وفد میں شامل ہیومن چین کے صدر انجینئر محمداسلم کو کرائی۔مرکزی وزیر نے کہاکہ مودی حکومت کا ایجنڈا’ سب کا ساتھ سب کا وکاس’ ہے اور ان کی وزات بھی اسی پر عمل پیرا ہے اور کسی بھی تعلیمی ادارے کو فنڈ کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب ملکر ملک کو آگے لے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت میں کسی کے ساتھ امتیاز نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے بہت حساس ہے اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی سمت میں کام کرے گی۔اسلم نے بتایا کہ وزیر موصوف نے ہماری باتوں کو بہت ہی سنجیدگی سے سنا اور اے ایم یو کشن گنج کے مسئلہ کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سنٹر کو جلد رقم مل جائے گی اور زیر التوا کام پورے ہوجائیں گے اور تعلیم و تعلم کا سلسلہ بھی جاری ہوسکے گا۔اس موقع پر انہوں نے جاؤڈیکر کو اے ایم یو کشن گنج کے سلسلے میں ہیومن چین کی طرف سے ایک میمورنڈم بھی پیش کیا ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کی قیادت والی حکومت یو پی اے ۔ 2 کے دوران سال 2014 میں اے ایم یو کشن گنج سنٹر کو 136.02 کروڑ روپے جاری کرنے کی سفارش کی گئی تھی لیکن اس کے بعد یوپی اے ۔2 میں کوئی بھی رقم حکومت نے جاری نہیں کی ہے ۔ مئی 2014 میں مرکز میں بی جے پی کی قیادت میں قائم این ڈی اے حکومت نے دسمبر 2015 کو 10 کروڑ روپے کا گرانٹ یو جی سی کے ذریعے اے ایم یو کشن گنج کیمپس کو دیا گیا تھا ۔ اس کے بعد ڈھائی سال گزرنے کے بعد اے ایم یو کشن گنج سنٹر کو کوئی گرانٹ یو جی سی (مرکزی حکومت) سے موصول نہیں ہوئی ہے جس سے کیمپس میں درس و تدریس میں کافی پریشانیوں کا سامناہے ۔وفد میں این سی پی یو ایل کے ڈائریکٹر پروفیسر ارتضی کریم کے علاوہ ہیومن چین کے محمد توقیر عالم، نوید شمی ، نسیم حیدر، مجاہد اختر سمیر ہمایوں وغیرہ شامل تھے۔ اے ایم یو کشن گنج کیمپس میں 2013سے بی ایڈ اور 2014سے ایم بی اے کی پڑھائی ہو رہی ہے ! بہار میں اعلی تعلیم کیلئے سابقہ مرکزی حکومت کے منصوبوں میں اے ایم یو کشن گنج بھی شامل رہا جس کا رسمی اعلان 2009 میں کیا گیاتھا۔

TOPPOPULARRECENT