Tuesday , November 21 2017
Home / ہندوستان / علیگڑھ یونیورسٹی میں فائرنگ سے زخمی طالب علم فوت

علیگڑھ یونیورسٹی میں فائرنگ سے زخمی طالب علم فوت

میڈیکل کالج میں طلباء کا احتجاج ۔ اشرار کی سرگرمیوں پر وائس چانسلر کی برہمی
علیگڑھ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایک طالب علم کو موٹر سیکل پر سوار مسلح افراد نے یونیورسٹی کیمپس میں گولی مار کر ہلاک کردیا جس پر طلباء نے احتجاج شروع کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ اسٹوڈنٹس لیڈر اور بیچلر آف سوشیل ورک میں سال آخر کے طالب علم عالمگیر کو کل شام کیمسٹری ڈپارٹمنٹ کے قریب سڑک پر حملہ آور گولی مار کر فرار ہوگئے۔ انھیں فی الفور جے این میڈیکل کالج میں شریک کروایا گیا جہاں پر وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ حملہ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلتے ہی احتجاجی طلباء کا ہجوم ہاسپٹل پر امڈ آیا اور ایمرجنسی سرویس ڈپارٹمنٹ کے باب الداخلہ کو 3 گھنٹوں تک بند کردیا۔ سیول لائن پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی گئی ہے جس میں 3 مشتبہ افراد ریحان اعظمی، شاداب اور منیر کا نام لیا گیا ہے۔ دریں اثناء وائس چانسلر علیگڑھ یونیورسٹی لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ضمیرالدین شاہ نے ایک بیان میں کہاکہ بعض شرپسند عناصر یونیورسٹی کا ماحول بگاڑنے کی کوشش میں ہیں۔ جبکہ سوشیل میڈیا پر یہ پیام پھیلادیا گیا کہ متوفی طالب علم کی نماز جنازہ غائبانہ ان کی (وائس چانسلر) قیامگاہ کے روبرو آج دوپہر ادا کی جائے گی جس سے یہ صاف ظاہر ہے کہ اس مسئلہ پر طلباء کے جذبات مشتعل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم اشرار کی کوششوں کو ناکام بنادیا جائے گا۔ یونیورسٹی میں آج تمام کلاسیس، کل کے واقعہ کے پیش نظر معطل کردی گئی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT