Saturday , October 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / عمران خان کی زبان سے نکلنے والے الفاظ پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے :سدھو

عمران خان کی زبان سے نکلنے والے الفاظ پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے :سدھو

نئی دہلی ، 12 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا اعلان کرنے والے ہندستانی سابق بلے باز نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ ہند پاک تعلققات میں بہتری کے لیے عمران خان کی زبان سے نکلنے والے الفاظ پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے ۔ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان پر بھروسہ ہے ایک سیٹ سے کامیابی کا سفر شروع کرنے والا آج وزیرا عظم بن گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بارش کے بعد اٹھنے والی سوندھی خوشبو اور تبدیلی کی آس ہیں۔واضح رہے سابق کرکٹر کپل دیو اور سدھو کو آخر کار پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے حلف برداری کے با ضابطہ دعوت نامے مل گئے ۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی وزیر اعظم کے لیے حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ہوگی،کپل دیو اور سدھو نے دعوت نامے ملنے کی تصدیق کر دی ہے ۔نوجوت سدھو کا عمران خان سے کرکٹ کے حوالے سے 30 سال کا تعلق رہا ہے ، دعوت نامہ ملنے کے بعد ان کا کہنا ہے کہ عمران کی جانب سے مجھے ذاتی طور پر بھی دعوت دی گئی، ہم دونوں نے کچھ منٹ تک گفتگو بھی کی، میں نے انہیں ان کی کامیابی پر مبارکباد بھی دی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔دوسری جانب سابق کپتان سنیل گواسکر نے عمران خان کے بحیثیت وزیراعظم پاکستان حلف اْٹھانے کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی ہے ۔سابق کپتان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ٹیلی فون پر عمران خان کو ان کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے تاہم اپنی مصروفیات کے باعث پاکستان جانے سے معذوری ظاہر کی ہے۔
۔انہیں 18اگست کو ہندستان اور انگلینڈ کے میچ کے دوران وہاں موجود ہونا ہے ۔ گواسکر کے مطابق ایک کرکٹر کے طور پر عمران خان کئی بار ہندستان آ چکے ہیں ٗوہ ہندستان کو بہت زیادہ جانتے ہیں اور توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ دونوں ملکوں میں تعلقات کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT