Wednesday , September 26 2018
Home / Top Stories / عمران خاں کی تیسری شادی ، بشریٰ کیساتھ نکاح کی توثیق

عمران خاں کی تیسری شادی ، بشریٰ کیساتھ نکاح کی توثیق

پاک پٹن کی پیرانی کے بھائی کے گھر تقریب، تحریک انصاف کی توثیق ، چہ مگوئیاں ختم

لاہور ۔19 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹر سے سیاستداں بننے والے عمران خاں نہ نہ کرتے کرتے بالآخر اپنی ’’روحانی رہنما‘‘ (پیرانی )کے ساتھ شادی کے بندھن میں بند گئے اور یہ ان کی تیسری شادی ہے ۔ جس کی ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے بھی توثیق کردی ۔ اس کے ساتھ ہی گذشتہ کئی ہفتوں سے جاری قیاس آرائیاں اور چہ مگوئیاں بھی ختم ہوگئی ہیں۔ پاکستان تحریک
انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ترجمان فواد چودھری نے کہاکہ 65 سالہ سیاسی رہنما نے خاتون مذہبی رہنما بشریٰ مینکا کے ساتھ شادی کرلی ۔ فواد چودھری نے کہا کہ پاک پٹن کی انتہائی معزز و محترم ’’پیرانی‘‘ بشریٰ مینکا کے ساتھ گزشتہ روز لاہور میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں عقد نکاح کیا ۔ چودھری نے کل رات دیر گئے ایک ٹوئیٹر میں انکشاف کیا کہ بشریٰ کے بھائی کی رہائش گاہ پر شادی کی تقریب منعقد ہوئی اور پارٹی کی مرکزی عاملہ کے رکن مفتی محمد سعید نے خطبہ نکاح پڑھا۔ تحریک انصاف کے ترجمان نے اپنے قائد اور ان کی روحانی رہنما ( پیرانی ) کے ساتھ ہوئی شادی پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’شادی دو دلوں اور دو روحوں کاامتزاج (سنگم) ہے جو زندگی کے اس خصوصی اور اہم ترین دن ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ میں ( اس جوڑے کیلئے ) خوشگوار ازدواجی زندگی کی دعاؤں کے ساتھ اپنی تمام تر نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں‘‘ ۔ بشریٰ مینکا جو عام طورپر ’پنکی پیر‘‘ کہلائی جاتی ہیں ۔ ان کی عمر تقریباً 45 سال ہے اور وہ اپنی پہلی شادی سے پانچ بچوں کی ماں بھی ہیں۔ بشریٰ نے قبل ازیں اسلام آباد میں ایک سینئر کسٹمس افسر سے شادی کی تھی لیکن حالیہ عرصہ میں علحدگی عمل میں آئی تھی ۔ ماقبل قرون وسطیٰ دور کے صوفی بزرگ بابا فرید گنج شکر کے روصہ کیلئے شہرت یافتہ ضلع پاک پٹن کی رہنے والی پیرانی کو عمران نے قبل ازیں اپنی روحانی مشیر قرار دیا تھا ۔ شادی کی اس تقریب میں عمران کی نئی ’خوش دامن‘ اور اُن کے ارکان خاندان نے بھی شرکت کی جس کی چند تصاویر منظرعام پر آئی ہیں۔
عمران خاں کی پہلی شادی 1995 ء میں برطانوی ارب پتی تاجر کی بیٹی جمائیما گولڈ اسمتھ سے ہوئی تھی اور 9 سال بعد طلاق ہوگئی تھی ۔ دوسری شادی 2015 ء میں ایک معروف ٹیلی ویژن اینکر ریحام خاں سے ہوئی تھی جو 10 ماہ میں ختم ہوگئی ۔ پیرانی کی یہ دوسری اور عمران کی تیسری شادی ہے۔ عمران ابتداء میں روحانی مشوروں کے لئے بشریٰ سے ملاقات کیا کرتے تھے لیکن پیرانی کی چند پیشن گوئیاں صوفیصد درست ثابت ہونے کے بعد وہ ان سے بہت قریب ہوگئے تھے ۔ اس دوران بشریٰ نے اپنے شوہر سے طلا ق لے چکی تھیں اور یہ قربتیں بالآخر رشتہ ازدواج میں تبدیل ہوگئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT