Wednesday , August 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / عمراکمل کے کپتان مکالم سے بھی اختلافات

عمراکمل کے کپتان مکالم سے بھی اختلافات

دبئی ۔13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل کے ماضی میں ٹیم کے کوچز وقار یونس اور مکی آرتھر کے ساتھ تعلقات کشیدہ رہے ہیں۔ وقار یونس کی رپورٹ میں عمر اکمل کو ٹیم سے باہر رکھنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ مکی آرتھر پر گالیوں کا الزام لگانے پر عمر اکمل کو پابندی اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب پاکستان سوپر لیگ میں لاہور قلندرز کے کپتان برنڈن مکالم بھی عمر اکمل کے طریقہ سے خوش نہیں ہیں۔ عمر اکمل اپنی ناقص کارکردگی کا ملبہ مکالم کی ناقص پالیسیوں اور فیصلوں کو قرار دیتے ہیں۔مکالم نے کہا کہ عمر اکمل نے اگر اپنے کریئر کو بچانے کے لئے نہیں سوچا تو ٹیم میں ان کی جگہ لینے کے لئے نوجوان کھلاڑی موجود ہیں۔ اکمل کو قابو کرنا مشکل کام ہے۔ میں پی ایس ایل میں عمر کی کارکردگی سے مایوس ہوں یہی وجہ ہے کہ وہ ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔ مکالم نے مزیدکہا کہ اگر ہم اہم مواقع پر مخلص ہوتے تو ہمیں وہ میچ جیتنے چاہیے تھے۔ ہم ابتدائی6میچوں میں جیت سکتے تھے۔ میں شکست سے برا نہیں مناتا لیکن آسانی سے زیر نہیں ہونا چاہیے۔ حریف کو شکست دینا مشکل ہے تو کوئی بات نہیں لیکن ایسے موقع بھی تھے جن پر سوال اٹھ سکتا ہے کہ ہم نے کتنی کوشش کی۔ مکالم نے تصدیق کہا کہ انہوں نے کپتانی چھوڑنے کے بارے میں بھی سوچا اور اس کا بات کا اظہار ساتھی کھلاڑیوں سے کیا جنہوں نے اس پر ردعمل کا اظہار کیا اور ٹیم کے لیے کھڑے ہوئے۔ آغا سلمان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ بہت ہی ٹھنڈے مزاج کا کھلاڑی ہے، چاہے جتنا ہی دباوکیوں نہ ہو، جب بھی ان کی آنکھوں میں دیکھیں گے تو وہ پرسکون نظر آئیں گے۔ آغاسلمان ایسے کھلاڑی ہیں جسے ہم مستقبل میں دیکھ سکتے ہیں۔ عمر اکمل کے بارے میں لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد نے کہا کہ عمراکمل کی کارکردگی کو وہ اس انداز سے دیکھتے ہیں کہ وہ آؤٹ آف فارم تھے لہٰذا وہ عمراکمل پر کبھی بھی تنقید یا الزام عائد نہیں کریں گے۔ ان کی ہمت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ یقین ہے کہ عمراکمل کی فارم جلد واپس آئے گی۔

TOPPOPULARRECENT