Thursday , October 18 2018
Home / شہر کی خبریں / عنبرپیٹ میں جلد فلائی اوور کی بنیاد

عنبرپیٹ میں جلد فلائی اوور کی بنیاد

حیدرآباد۔20ڈسمبر(سیاست نیوز) عنبرپیٹ فلائی اوور کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع کردیا جائے گا اور مرکزی حکومت کی جانب سے 4لین فلائی اوور کیلئے رقمی منظوری عمل میںلائی جا چکی ہے ۔ شہر کی مصروف ترین سڑکو ںمیں شامل عنبر پیٹ سڑک پر فلائی اوور کی تعمیر گول ناکہ چرچ تا سری رمنا ٹاکیز چوراہے تک عمل میں لائی جائے گی اور اس فلائی اوور کی تعمیر پر 258.15 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ بتایاجاتاہے کہ مقامی رکن اسمبلی مسٹرجی کشن ریڈی نے مرکزی حکومت کی وزارت روڈ ٹرانسپورٹ سے متعدد نمائندگیاں کرتے ہوئے اس پراجکٹ کیلئے 186.71کروڑ منظور کرواچکے ہیں اور ماہ اکٹوبر میں اس منظوری کے بعد اب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں کیلئے جائیدادوں کے حصول کا کام شروع کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس پراجکٹ کے لئے 281 جائیدادیں حاصل کی جائیں گی اور ان جائیدادوں کے حصول کیلئے نوٹسوںکی اجرائی عمل میں لائی جا چکی ہے۔ بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ اس پراجکٹ کیلئے جو جائیدادیں متاثر ہوں گی ان جائیدادوں کے لئے مالکین جائیداد کو معاوضہ دیا جائے گا۔عنبر پیٹ سے اپل اور رامنتا پور جانے والی سڑک پر دونوں جانب قبرستانوں کے سبب سڑک کی چوڑائی کم ہے جو کہ ٹریفک کی بنیادی وجہ ہے اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے تفصیلی مطالعہ کے بعد گول ناکہ چرچ سے فلائی اوور کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا گیا اور اس کیلئے 100 کروڑ کی تخمینہ اندازی کی گئی تھی لیکن اس فلائی اوور کو شہر کے چنندہ 4لین فلائی اوور کے طرز پر تعمیر کیلئے اس میں بھاری اضافہ کیا گیا ہے اور پراجکٹ کو قطعیت دیدی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جنوری کے اواخر یا فروری کے وسط میں اس فلائی اوور کے تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے تعمیری کاموں کو شروع کردیا جائے گا اور اس سلسلہ میں بہت جلد ٹنڈر کی طلبی کیلئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT