Thursday , August 16 2018
Home / شہر کی خبریں / عوامی تقسیم نظام کے تحت سربراہ کئے جانے والے چاول کی غیرمجاز منتقلی کیخلاف کارروائی

عوامی تقسیم نظام کے تحت سربراہ کئے جانے والے چاول کی غیرمجاز منتقلی کیخلاف کارروائی

پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی ، قانون ساز کونسل میں وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کا بیان
حیدرآباد ۔15۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے کہا کہ عوامی نظام تقسیم کے ذریعہ سربراہ کیا جانے والا چاول بعض علاقوں میں غیر مجاز طور پر منتقل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے سخت قدم اٹھائے گئے ہیں اور بعض تاجروں کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران وی گنگادھر گوڑ اور دوسروں کے سوال پر وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت نے پولیس ، ریونیو ، سیول سپلائیز اور کمرشیل ٹیکس محکمہ جات کے ریٹائرڈ عہدیداروں پر مشتمل پانچ انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دی ہے جو وقتاً فوقتاً عوامی نظام تقسیم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں۔ سیول سپلائیز ڈپارٹمنٹ کا انفورسمنٹ اسٹاف بھی باقاعدگی سے دکانات کا معائنہ کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چاول کی غیر مجاز منتقلی کو روکنے کیلئے آئی ٹی سسٹم متعارف کیا گیا جس میں جی پی ایس سسٹم کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جاسکے۔ اس کے علاوہ سربراہی کے مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی نظام تقسیم کو مستحکم کرنے کیلئے مختلف اصلاحات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشن شاپس کو سربراہ کئے جانے والے چاول اور دیگر اشیاء سے متعلق تفصیلات ویب سائیٹ پر پیش کی جائیں گی۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے ذریعہ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے گی۔ وزیر فینانس نے کہا کہ شکایات کیلئے ٹول فری نمبر 1967 سے استفادہ کیاجاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ واٹس اپ نمبر 733077444 پر شکایت روانہ کی جا سکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT