Monday , November 19 2018
Home / سیاسیات / ’’عوامی مسائل پر بی جے پی مسلسل جھوٹ بول رہی ہے‘‘

’’عوامی مسائل پر بی جے پی مسلسل جھوٹ بول رہی ہے‘‘

صدر کانگریس کی حیثیت سے راہول گاندھی کا پہلا دورۂ یوپی ، جلسہ سے خطاب

رائے بریلی۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدارت سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورۂ اترپردیش کے موقع پر راہول گاندھی نے بی جے پی پر اپنی تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی متواتر کذب بیانی سے کام لے رہی ہے اور انہوں نے عوام سے جو وعدے کئے ، اس پر عمل آوری سے گریز کررہی ہے۔ راہول ، سائیلون (ضلع امیٹھی) میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ ایک کے بعد ایک جھوٹ بول رہے ہیں۔ خواہ وہ عوام کے کھاتوں میں 15 لاکھ روپئے منتقل کرنے کا وعدہ ہو یا کسانوں کو ان کے نقصانات کی پابجائی کیلئے دیئے جانے والے رقم کا وعدہ ہو یا پھر سڑکوں کی تعمیر ہر مسئلہ پر یہ لوگ مسلسل جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں وزیراعظم نے ہر شہری کو 15 لاکھ روپئے ان کے اکاؤنٹ میں ڈلوانے کا وعدہ کیا تھا جبکہ آج صورتحال یہ ہے کہ ملک بھر میں لاکھوں نوجوان بیروزگار ہیں مگر اس موضوع پر وزیراعظم نریندر مودی ایک لفظ بھی بولنا گوارا نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریسی ورکرس ، جھوٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے بی جے پی کے پروپگنڈہ کو بے نقاب کررہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو بتائیں کہ بی جے پی کس طرح جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے اور ان ترقیاتی کاموں کو عوام کے سامنے اجاگر کریں، جو ہم نے انجام دیئے ہیں ۔ چاہے وہ قومی شاہراہ سے متعلق کام ہو ، ریل نیٹ ورک ہو، فوڈ پارک ، آئی آئی آئی ٹی ، پٹرولیم انسٹیٹیوٹس جیسے ادارے ہیں، ان کاموں کے بارے میں عوام کو آگاہ کرے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ عوام کو کانگریس کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی کام اور مودی حکومت کی جانب سے کاموں کے درمیان فرق کو بتائیں۔ انہوں نے گجرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں پر 30 لاکھ بیروزگار نوجوان موجود ہیں جبکہ وہاں پر برسوں سے بی جے پی برسراقتدار ہے۔

TOPPOPULARRECENT