Friday , November 17 2017
Home / شہر کی خبریں / عوامی مسائل پر کانگریس و تلگودیشم کی تحریکیں مضحکہ خیز

عوامی مسائل پر کانگریس و تلگودیشم کی تحریکیں مضحکہ خیز

دونوں جماعتوں نے اقتدار پر رہ کر عوامی مسائل کو نظر انداز کیا ۔ ٹی آر ایس قائدین کا بیان
حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے تلگودیشم اور کانگریس قائدین کی جانب سے عوامی مسائل پر تحریک شروع کرنے کے اعلان کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ ارکان قانون ساز کونسل کے پربھاکر، راجیشور ریڈی اور راملو نائیک نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی مہم پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیاں جس وقت اقتدار میں تھیں عوامی مسائل کو نظرانداز کردیا گیا تھا، آج ٹی آر ایس حکومت عوامی مسائل حل کررہی ہے اور تلنگانہ کے عوام ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ایسے میں عوامی تحریک کا اعلان کرنا مضحکہ خیز ہے۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ تلگودیشم اور کانگریس قائدین کے بیانات پر عوام ہنس رہے ہیں کیونکہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ سیاسی مقصد براری کیلئے حکومت پر اس طرح کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ کے پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے حالیہ عرصہ میں جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے اس کی مثال ملک کی کسی اور ریاست میں نہیں ملتی۔ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دن رات محنت کررہے ہیں۔ انہوں نے سستی شراب کی پالیسی سے دستبرداری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے خود اپنے طور پر یہ فیصلہ کیا اس میں اپوزیشن جماعتوں کا کوئی رول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسائیز پالیسی کا جائزہ لینے کے بعد عوام کو سستی شراب کے نقصان سے محفوظ رکھنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں غیر ضروری طور پر اس کا سہرا  اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تلگودیشم دور حکومت میں کسانوں نے برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کیا تو ان پر بشیر باغ سرکل پر فائرنگ کی گئی جس میں کئی کسان ہلاک ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم قائدین کو کسانوں سے ہمدردی کا کوئی حق نہیں کیونکہ ان کی حکومت کسانوں پر فائرنگ کی ذمہ دار ہے۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ ورنگل میں لوک سبھا کے ضمنی انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں متحرک ہوچکی ہیں۔ تلگودیشم اور بی جے پی نے عوامی مسائل پر پدیاترا شروع کی ہے جو دراصل انتخابی مہم کی ڈرامہ بازی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے اپوزیشن کو فائدہ نہیں ہوگا۔ راملو نائیک نے کہا کہ عوام اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا شکار نہیں ہونگے اور ورنگل ضمنی چناؤ میں اپوزیشن کو مناسب سبق سکھائیں گے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT